کراچی(ٹی وی رپورٹ)وزیراعظم کے معاون خصوصی عثمان ڈارنے کہا ہے کہ اسحاق ڈار پوری دنیا کے سامنے جھوٹ بولتے ہوئے پکڑے گئے،دسمبر 2017ء کو دی نیوز میں آرٹیکل میں علی ڈار نے مانا تھا ان کے 52ولاز ہیں، نواز شریف اور اسحاق ڈار نے بیماری کا ڈرامہ رچا رکھا ہے، اپوزیشن 2023ء کے الیکشن میں عوام کو ووٹ کی طاقت سے فیصلہ کرنے دے،ن لیگ اور پیپلز پارٹی دونوں ایک دوسرے کی بیساکھیوں پر ہیں، گیارہ جماعتیں منتخب ہو کر بھی عمران خان کا مقابلہ نہیں کرسکیں۔سینیٹر مصدق ملک نے کہا کہ عمران خان کی شکل میں پورے ملک پر عذاب آیا ہوا ہے، نیب کاچیئرمین بننا عمران خان کی دلی خواہش ہے، عمران خان کو چیئرمین نیب بنا کر کسی اور شخص کو وزیراعظم بنادیں، نواز شریف کی جیسے ہی سرجریز ہوجائیں گی واپس آجائیں گے۔سینیٹر مصطفی نواز کھوکھرنے کہا کہ حکومت نے اپنی کارروائیوں سے پی ڈی ایم کے ملتان جلسہ کو کامیاب بنایا، یہ حکومت اسٹیبلشمنٹ کی بیساکھیوں پر کھڑی ہوئی ہے، اسٹیبلشمنٹ پیچھے ہٹ جائے تو اتحادی حکومت سے الگ ہوجائیں گے، عمران خان کو بھی اپوزیشن میں آنا ہے وہ وقت زیادہ دور نہیں ہے۔ وہ جیو نیوز کے پروگرام ”آپس کی بات“ میں میزبان منیب فاروق سے گفتگو کررہے تھے۔ وزیراعظم کے معاون خصوصی عثمان ڈار نے مزید کہا کہ ایسی دولت کا کیا فائدہ جسے چھپانے کیلئے آپ دنیا میں دربدر ہورہے ہوں، وزیراعظم نے اسی تناظر میں اللہ کے عذاب کی بات کی تھی،نواز شریف جیل میں تھے انہیں نیند نہیں آتی تھی اسی لئے باہر جانے کی باتیں کرتے تھے۔