کراچی ویسٹ زون کے علاقے نیو کراچی میں سلنڈر دھماکے سے رہائشی عمارت کا ایک حصہ منہدم ہو گیا، حادثے کے نتیجے میں آگ لگنے سے 1 ہی خاندان سے تعلق رکھنے والا 1 بچہ جاں بحق جبکہ بچوں سمیت 7 افراد زخمی ہوگئے۔
ریسکیو ذرائع کے مطابق نیو کراچی سیکٹر 5 ڈی میں دعا چوک کے قریب واقع امام بارگاہ کے قریب آج صبح گھر میں کام کے دوران گیس سلنڈر دھماکے سے پھٹ گیا جس کے نتیجے میں 2 منزلہ رہائشی عمارت کا ایک حصہ منہدم ہو گیا۔
دھماکے سے عمارت میں آگ بھی لگ گئی جسے علاقہ مکینوں نے بجھا دیا۔
چھیپا ویلفیئر کے ترجمان کے مطابق ان کے رضاکاروں نے فوری طور پر موقع پر پہنچ کر 1 بچے کی لاش جبکہ بچے سمیت 7 افراد کو زخمی حالت میں عمارت کے ملبے سے نکال کر اسپتال منتقل کر دیا۔
جاں بحق ہونے والے 8 سالہ بچے کا نام معلوم ہوا ہے، واقعے میں زیادہ تر افراد جھلس کر اور کچھ ملبے تلے دب کر زخمی ہوئے ہیں۔
فائر بریگیڈ اہلکاروں کے مطابق اطلاع ملتے ہی فائر فائٹرز کو ایک گاڑی کے ہمراہ آگ بجھانے کے لیے روانہ کیا گیا۔
ایدھی فاؤنڈیشن کے ترجمان کے مطابق عمارت میں زیادہ لوگ رہائش پذیر نہیں تھے تاہم ممکنہ خطرے کے پیشِ نظر امدادی کام جاری ہے۔
علاقہ مکینوں نے بتایا کہ علاقے میں گیس کی فراہمی نہ ہونے کے باعث لوگ گیس سلنڈر استعمال کرنے پر مجبور ہیں، سلنڈر کا استعمال ہی حادثے کا سبب بنا۔
حادثے کے بعد علاقے کی بجلی منقطع کر دی گئی جس سے موبائل فون کی سروس بھی متاثر ہوئی۔
پولیس کے مطابق حادثے کے مقام پر امدادی کام جاری ہے مزید بھاری مشینری بھی طلب کی گئی ہے۔
ایس ایس پی سینٹرل عارف اسلم راؤکے مطابق دھماکے کے نتیجے میں گرنے والی عمارت کے ملبے سے ماں، باپ اور چار بچوں کو نکال کر اسپتال منتقل کیا گیا ہے۔
انہوں نے یہ بھی بتایا کہ ملبے تلے مزید کسی کے دبے ہونے کی اطلاع نہیں ہے، 120 گز کا مکان ہے جو گراؤنڈ پلس ون بنا ہوا ہے، عمارت گرنے کی حتمی وجہ تحقیقات کے بعد ہی بتائی جا سکے گی۔