ٹرائل ویکسین ڈوز لگوانے والے ہریانہ کے وزیر داخلہ انیل وج کا کورونا وائرس ٹیسٹ مثبت آگیا۔
اس حوالے سے بھارتی ریاست ہریانہ کے وزیر داخلہ انیل وج نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر ایک اہم بیان جاری کیا ہے جس میں اُنہوں نے کہا کہ ’بدقسمتی سے میرا کورونا وائرس ٹیسٹ مثبت آگیا ہے۔‘
بھارتی وزیر انیل وج نے کہا کہ ’کورونا وائرس ٹیسٹ مثبت آنے کے بعد مجھے سول اسپتال امبالہ کینٹ میں داخل کردیا گیا ہے۔‘
انیل وج نے اپیل کرتے ہوئے کہا کہ ’گزشتہ دنوں جو لوگ بھی مجھ سے رابطے میں رہے تھے اُن سے گزارش ہے کہ وہ اپنا کورونا وائرس ٹیسٹ کروالیں۔‘
یاد رہے کہ گزشتہ دنوں بھارتی وزیر انیل وج نے ہریانہ میں کورونا وائرس کی ٹرائل ویکسین ڈوز لگوائی تھی۔
دوسری جانب ہریانہ میں اس وقت دو لاکھ سے زائد افراد عالمی وباء کورونا وائرس کا شکار ہوچکے ہیں جبکہ وہاں اس وائرس سے اموات کی تعداد دو ہزار سے زائد ہوگئی ہے۔