معروف اقتصادی امریکی جریدے ’فوربز‘ نے سب سے زیادہ کمائی کرنے والی 10 ہالی وڈ اداکاراؤں کی فہرست جاری کردی، عالمی وبا کورونا وائرس کے باعث فلم انڈسٹری بند ہونے کے بعد ٹی وی اداکارہ صوفیا ورگارا دنیا میں سب سے زیادہ کمائی کرنے والی اداکارہ بن گئیں۔
سب سے زیادہ کمائی کرنے والی 10 اداکاراؤں میں پہلے نمبر پر 48 سالہ کولمبین نژاد امریکی اداکارہ صوفیہ ورگارا ہیں جبکہ دوسرے نمبر پر اینجلینا جولی ہیں۔
صوفیہ ورگارا:
48 سالہ ادکارہ صوفیہ نے سٹ کام ’ماڈرن فیملی‘ کے فائنل سیزن کی ایک قسط کے لیے 5 لاکھ ڈالرز معاوضہ وصول کیا، فوربز کی رپورٹ کے مطابق صوفیہ ورگارا کو امریکا کے مقبول ترین رئیلیٹی ٹی وی شو امریکا گوٹ ٹیلنٹ کے ہر سیزن سے کم از کم 10 ملین ڈالرز کی آمدنی ہوئی ہے۔
رپورٹ کے مطابق اداکارہ صوفیا ورگارا نے 12 ماہ میں 4کروڑ 30 لاکھ ڈالر کمائے۔
اینجلینا جولی:
سب سے زیادہ کمائی کرنے والی اداکاراؤں کی فہرست میں دوسرے نمبر پر آسکر ایوارڈ یافتہ اداکارہ اینجلینا جولی رہیں، جنہوں نے ایک سال کے عرصے میں 3 کروڑ 55 لاکھ ڈالر کمائے۔
گیل گیڈوٹ:
دنیا میں سب سے زیادہ کمائی کرنے والی اداکاراؤں کی فہرست میں تیسرے نمبر پر اسرائیلی اداکارہ گیل گیڈوٹ ہیں جنہوں نے 2020 میں 3 کروڑ 15 لاکھ ڈالرز کمائی کی ہے۔
ملیسا مکیارتھی:
فوربز کی رپورٹ کے مطابق سب سے زیادہ کمائی کرنے والی اداکاراؤں کی فہرست میں چوتھے نمبر پر اداکارہ ملیسا مکیارتھی رہیں، جنہوں نے ایک سال میں ڈھائی کروڑ ڈالر کمائے۔
میرل اسٹریپ:
معروف اداکارہ میرل اسٹریپ پانچویں نمبر لینے میں کامیاب رہیں، جنہوں نے مذکورہ عرصے میں 2 کروڑ 40 لاکھ ڈالر کمائے۔
فوربز کی جانب سے جاری رپورٹ کے مطابق چھٹے نمبر پر اداکارہ ایملی بلنٹ رہیں، جنہوں نے ایک سال میں 2 کروڑ 25 لاکھ ڈالر کمائے، ساتویں نمبر پر معروف اداکارہ نکول کڈمین رہیں، جنہوں نے گزشتہ 12 ماہ میں 2 کروڑ 20 لاکھ ڈالر کمائے۔
رپورٹ کے مطابق آٹھواں نمبر اداکارہ ایلن پومپو کا رہا جنہوں نے ایک سال میں ایک کروڑ 90 لاکھ ڈالر کمائے۔ فہرست میں نویں نمبر پر ایلزبتھ موئس کا نام آیا جن کی کمائی ایک کروڑ 60 لاکھ ڈالر رہی۔
فہرست کے مطابق سب سے زیادہ کمائی کرنے والی اداکاراؤں میں 10 ویں نمبر پر ویولا ڈیوس رہیں جنہوں نے ایک سال میں ایک کروڑ 55 لاکھ ڈالر کی کمائی کی۔