اسلام آباد(ٹی وی رپورٹ)پاکستان مسلم لیگ (ن) کے جنرل سیکرٹری احسن اقبال نے قومی احتساب بیورو (نیب) کے چیئرمین جسٹس (ر) جاوید اقبال پر ہتک عزت کا دعویٰ دائر کرنے کا اعلان کردیا۔اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو میں احسن اقبال کا کہنا تھا کہ نارووال اسپورٹس سٹی منصوبے میں کوئی مالی بےضابطگی نہیں ہوئی، منصوبے سے ملک میں کھیلوں کو فروغ دیناچاہا جو جرم بن گیا۔نیب کے ذریعے سیاست دانوں کی بےعزتی کی جارہی ہے، نیب سرکاری افسران کو ڈرا کر بیان لیتا ہے، میرے خلاف نیب کے سرکاری گواہوں نے مجھے بتایاکہ شرمندہ ہیں، گواہوں نے بتایاکہ نیب سیل لے جاکر کہاگیا یا تو 90 دن جیل کاٹویاگواہ بنو، افسران کہتے ہیں نیب کے ہراساں کرنے پر دباؤ میں آکر بیان دیا۔احسن اقبال کا کہنا تھا کہ 90 دن کاریمانڈ ایسا ہتھکنڈا ہے جس سے سرکاری افسران کو ہراساں کیاجاتاہے، عمران خان نے اپنے فائدے کیلئے نیب کو کھلی چھٹی دی ہوئی ہے،ہمارےدورمیں ایف آئی اے کو اپوزیشن مخالف جھوٹے مقدمات کا ٹاسک کبھی نہیں دیاگیا لیکن ایف آئی اے جیسے قومی ادارے کو انتقامی کارروائیوں میں جھونک دیا گیا ہےانہوں نے اعلان کیا کہ چیئرمین نیب پر ہتک عزت کا دعویٰ کروں گا، گرفتاری کے بعد میرے بازوپرگولی لگنےکی سرجری ہوئی تھی اور نیب کی حراست میں تھراپی نہ ہونے پر میرا بازو ہمیشہ کیلئے ٹیڑھا رہ گیا۔