• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

فضل الرحمان کی سیاست اسلام نہیں اسلام آباد کیلئے ہے‘پی ٹی آئی

کوئٹہ(اسٹاف رپورٹر)پاکستان تحریک انصاف کے رہنمائوں ملک نصیب اللہ خان بیٹنی اور عبدالباری بڑیچ نےمولانا فضل الرحمٰن کی جانب سے پشتون قوم بالخصوص بیٹنی اور خٹک قبائل کے بارے میں نازیبا الفاظ استعمال کرنے کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ مولانا فضل الرحمٰن کو پشتون قوم نے مسترد کیا ہے جس کے بعد وہ بوکھلاہٹ کا شکار ہوکر ایسی بات کررہے ہیں ۔یہ بات انہوں نے کوئٹہ پریس کلب میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہی، اس موقع پر پارٹی رہنما ادریس تاج، بلال اچکزئی، سید ثناءاللہ آغا اور جمعہ خان خلجی سمیت دیگر بھی موجود تھے ۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ روز لکی مروت میں مولانا فضل الرحمٰن نے خٹک ، بیٹنی قبائل سمیت پی ٹی آئی سے تعلق رکھنے والے تمام پشتونوں کے لئے نازیبا الفاظ استعمال کئے جس کی ہم مذمت کرتے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ تاریخ اس بات کی گواہ ہے کہ پشتون قوم بالخصوص بیٹنی قوم نےملک کے لئے بے پناہ قربانیاں دیں۔جب غیور پشتونوں نے مولانا فضل الرحمٰن کی سیاست پہچان لی کہ ان کی سیاست اسلام کے لئے نہیں بلکہ اسلام آباد اور اقتدار کے لئےہے تو انکو الیکشن میں مسترد کر دیاجس کے بعد مولانا فضل الرحمٰن نے پشتونوں کے لئے وہ زبان استعمال کی جو اسلامی تعلیمات، پشتون روایات اوراخلاقیات کی منافی ہے جسکی آج صرف ہم نہیں بلکہ ہر ذی شعور پاکستانی مذمت کررہا ہے ۔ اس موقع پر عبدالباری بڑیچ نے کہا کہ انتخابات میں پشتون قوم نے مولانا فضل الرحمٰن کو مسترد کردیا جس کے بعد وہ پشتون قوم کے بارے میں ایسی زبان استعمال کررہے ہیں ،پشتون قوم کے بارے میں ایسے ریمارکس کے بعد 2023 کے انتخابات میں بھی پشتون قوم انہیں مسترد کردے گی۔
تازہ ترین