• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کراچی: سی ٹی ڈی کی کارروائی، کالعدم تنظیم کے دو دہشت گرد گرفتار

پولیس کے محکمہ انسداد دہشت گردی نے کراچی میں کارروائی کرتے ہوئے  کالعدم تنظیم کے دو دہشت گردوں کو گرفتار کرلیا۔ ملزمان نے مفتی نظام الدین شامزئی، مفتی یوسف لدھیانوی سمیت کئی افراد کی ٹارگٹ کلنگ میں ملوث ہونے کا اعتراف کیا ہے۔

سی ٹی ڈی اعلامیہ کے مطابق خفیہ اطلاع پر کورنگی میں کارروائی کی گئی جس میں کالعدم سپاہ محمد کے 2 کارندے گرفتار کئے گئے۔ گرفتار ملزمان میں کرار حسین عرف پٹھان اور کامران حیدر عرف کامی شامل ہیں۔

ملزمان سے اسلحہ اور گولیاں برآمدکی گئیں، اعلامیہ کے مطابق ملزمان نے 2007 سے 2013 تک مذہبی ٹارگٹ کلنگ میں ملوث ہونے کا انکشاف کیا ہے ملزم کرار نے آغا حسن کے حکم پر شاہ فیصل میں مدثر نامی شخص کو قتل کیا۔


ملزم نے ساتھیوں کے ساتھ مل کر ڈاکٹر محبوب اور ڈیفنس میں عیسیٰ نامی شہری کو قتل کرنے کا بھی اعتراف کیا، ملزم کامران حیدر نے 2007 میں اپنے دیگر ساتھیوں کے ہمراہ جماعت اسلامی کے کارکن، 2018 کے آغاز میں بلوچستان سے تعلق رکھنے والے قاری کو گلشن اقبال میں قتل کا بھی اعتراف کیا۔

ملزم نے دوران تفتیش مفتی یوسف لدھیانوی، مفتی نظام الدین شامزئی کی ٹارگٹ کلنگ میں ملوث ہونے کے علاوہ قتل کی دیگر کئی وارداتوں میں ملوث ہونے کا بھی اعتراف کیا۔

سی ٹی ڈی کے مطابق ملزم پڑوسی ملک سے تربیت یافتہ ہیں۔

تازہ ترین