• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ڈی جے بٹ سے غیرقانونی رائفل برآمد ہوئی ہے، پولیس کا دعویٰ


لاہور پولیس نے مینار پاکستان پر پی ڈی ایم کے جلسے کے ساؤنڈ سسٹم چلانے والے ڈی جے بٹ کو گرفتار کر لیا، میوزک سسٹم فراہم کرنے والے پر غیر قانونی اسلحہ رکھنے کا مقدمہ بنایا گيا ہے۔

سیاسی جلسوں میں ساؤنڈ سسٹم فراہم کرنے سے ملک بھر میں شہرت حاصل کرنے والے ڈی جے بٹ کو شناخت ہی تحریک انصاف کے جلسوں سے ملی۔

ڈی جے بٹ نے تحریک انصاف کے جلسوں میں میوزک کا تڑکا لگایا اور کارکنوں کو انگلیوں پر نچایا، بس پھر کیا تھا تحریک انصاف اور ڈی جے بٹ ایک جان دو قالب ہوگئے، جہاں عمران کا جلسہ، وہاں ڈی جے بٹ کا میوزک ہوتا تھا، صرف یہی نہيں بلکہ عمران خان کے تاریخی دھرنے کے لیے تو ڈی جے بٹ نے اسپیشل میوزک بھی تیار کیے۔

اور پھر ایک وقت ایسا بھی آیا کہ نواز حکومت میں عمران خان پر تو کوئی مشکل نہ آئی لیکن ڈی جے بٹ اپنے میوزک سسٹم سمیت تھانے کچہری کا منہ دیکھ آئے۔

تاریخ نے بہت جلد ہی خود کو دہرالیا، اب سیاسی بساط پر وہی جال بچھا ہے لیکن کل کی اپوزيشن آج کی حکومت اور کل کی حکومت آج کی اپوزيشن ہے،

اسی کل کی حکومت نے آج ڈی جے بٹ کی خدمات حاصل کرلی ہيں تاکہ جلسوں میں شرکا کاجوش و خروش بڑھایا جاسکے اور اسی آج کی حکومت نے کل کی حکومت کا رویہ اپنالیا ہے۔


ڈی جے بٹ پکڑا گیا، ان کے خلاف کارِ سرکار میں مداخلت، پولیس سے ہاتھا پائی اور غیر قانونی رائفل رکھنے پر مقدمہ بھی درج کیا گیا۔

اس صورتحال پر ن لیگ کے سینیٹر پرویز رشید نے بیان میں کہا کہ ’عمران کے جلسوں کو رونق بخشنے والے ڈی جے بٹ کی عمران خان کے ہاتھوں گرفتاری، اس قول کی سچائی ہے کہ ’جس پر احسان کرو اس کے شر سے بچو‘۔

تازہ ترین