حال ہی میں کورونا وائرس کی دوسری لہر کا شکار ہونے والے شوبز انڈسٹری کے سینئر اداکار بہروز سبزواری اسپتال سے ڈسچارج ہوگئے ہیں جس کی اطلاع اُن کے صاحبزادے شہروز سبزواری نے سوشل میڈیا کے ذریعے دی ہے۔
شہروز سبزواری نے اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر اپنے والد کے چاہنے والوں کے لیے خصوصی اسٹوری شیئر کرتے ہوئے کہا کہ ’ہم یہاں پر اللّہ تعالیٰ کے شُکر گزار ہیں کہ جس نے اپنی نبیﷺ کے صدقے ہم سب کی دُعاؤں کو قبول کرتے ہوئے میرے والد کو صحت و تندرستی عطا کی۔‘
اداکار نے کہا کہ ’الحمد اللّہ میرے والد صاحب اسپتال سے ڈسچارج ہوکر گھر آگئے ہیں اور اب وہ پہلے سے کافی تندرست اور خوش ہیں۔‘
اُنہوں نے اپنی انسٹا اسٹوری میں اُن تمام لوگوں کا شکریہ بھی ادا کیا جنہوں نے بہروز سبزواری کے لیے دُعائیہ پیغامات جاری کیے تھے تاہم شہروز سبزواری نے اپنی انسٹا اسٹوری میں اس بات کی تصدیق نہیں کی کہ اُن کے والد کورونا وائرس کو شکست دینے میں کامیاب ہوگئے ہیں یا نہیں۔
واضح رہے کہ بہروز سبزواری نے علامات ظاہر ہونے پر گزشتہ دنوں کورونا وائرس ٹیسٹ کروایا تھا جو کہ بدقسمتی سے مثبت آیا تھا۔
کورونا وائرس کا ٹیسٹ مثبت آنے کے بعد بہروز سبزواری کی طبیعت زیادہ بگڑ گئی تھی جس کے بعد اُنہیں اسپتال میں داخل کردیا گیا تھا۔
اس حوالے سے بہروز سبزواری کے صاحبزادے شہروز سبزواری نے نجی خبر رساں ادارے سے گفتگو کرتے ہوئے کہا تھا کہ ’اُن کے والد کی طبیعت اب پہلے سے کافی بہتر ہے لیکن وہ ابھی کچھ وقت کے لیے اسپتال میں ہی رہیں گے کیونکہ اُنہیں کسی بھی وقت طبی سہولیات کی ضرورت پڑسکتی ہے لہٰذا اُن کا یہاں رہنا مناسب ہے۔‘
خیال رہے کہ پاکستان شوبز انڈسٹری کے متعدد فنکار کورونا وائرس کا شکار ہوچکے ہیں جن میں اداکارہ روبینہ اشرف، گلوکار جواد احمد، عثمان مختار، ندا یاسر، ماڈل علیزے گبول، صحیفہ جبار، امیر گیلانی، مریم نفیس اور واسع چوہدری سمیت دیگر بھی شامل ہیں۔