• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

میرے والد ایک یا دو دن میں اسپتال سے ڈسچارج ہوجائیں گے، شہروز سبزواری

پاکستان شوبز انڈسٹر ی کے سینئر اداکار بہروز سبزواری  کے صاحبزادے شہروز سبزواری کا کہنا ہے کہ اُن کے والد ایک یا دو دن میں اسپتال سے ڈسجارچ ہوجائیں گے۔

ذرائع کے مطابق اداکار بہروز سبزواری نے علامات ظاہر ہونے پر گزشتہ دنوں کورونا وائرس ٹیسٹ کروایا تھا جس کے نتائج مثبت آئے اور اب وہ اسپتال میں داخل ہیں۔

اس حوالے سے بہروز سبزواری کے صاحبزادے شہروز سبزواری نے نجی خبر رساں ادارے سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ’میرے والد کی طبیعت اب پہلے سے کافی بہتر ہے لیکن وہ ابھی کچھ وقت کے لیے اسپتال میں ہی رہیں گے کیونکہ اُنہیں کسی بھی وقت طبی سہولیات کی ضرورت پڑسکتی ہے لہٰذا اُن کا یہاں رہنا مناسب ہے۔‘

شہروز سبزواری نے احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ ’اگر آپ خود کو کورونا وائرس سے محفوظ رکھنا چاہتے ہیں تو لازمی ہے کہ آپ ماسک پہنیں، سماجی فاصلہ برقرار رکھیں اور اگر آپ کو کورونا ہو جائے تو اس کے علاج میں ذرا بھی دیر نہ کریں۔‘

اداکار نے مزید کہا کہ  ہم اپنے والد کو اس وجہ سے اسپتال لے کر گئے ہیں کیونکہ ان کی عمر 63 برس ہے لیکن وہ ایک یا دو دن میں گھر آجائیں گے۔‘

آخر میں اُنہوں نے مداحوں سے بہروز سبزواری کی جلد صحتیابی کے لیے دُعا کرنے کی اپیل بھی کی۔

واضح رہے کہ پاکستان شوبز انڈسٹری کے متعدد فنکار کورونا وائرس کا شکار ہوچکے ہیں جن میں اداکارہ روبینہ اشرف، گلوکار جواد احمد، عثمان مختار، ندا یاسر، ماڈل علیزے گبول، صحیفہ جبار، امیر گیلانی، مریم نفیس اور واسع چوہدری سمیت دیگر بھی شامل ہیں۔

دوسری جانب پاکستان میں کورونا وائرس کے کیسز کی تعداد 4 لاکھ 10 ہزار 72 ہو چکی ہے، جبکہ اس موذی وباء سے جاں بحق افراد کی کُل تعداد 8 ہزار 260 تک جا پہنچی ہے۔

تازہ ترین