• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

جلسے جلوس دو تین مہینے کے بعد کرلیں تاکہ عوام کی جان بچ سکے, وزیر اعظم عمران خان

وزیر اعظم عمران خان نے اپوزیشن کو مخاطب کرتے ہوئے کہا ہے کہ جلسوں سے مجھے کوئی فرق نہیں پڑے گا، اس سے لوگوں کی جانوں کو خطرہ ہے، جلسے جلوس دو تین مہینے کے بعد کرلیں تاکہ عوام کی جان بچ سکے۔

وزیر اعظم عمران خان کی زیر صدارت قومی رابطہ کمیٹی برائے کورونا کا اجلاس ہوا۔

اس موقع پر اظہار خیال کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ اسپتالوں میں کورونا وائرس کے  مریضوں کی تعداد بڑھ رہی ہے، جب زیادہ لوگ جمع ہوتے ہیں تو کورونا تیزی سے پھیلتا ہے، اسپتالوں میں چالیس فیصد بستروں پر کورونا وائرس  کے مریض موجود ہیں۔

 وزیراعظم نے کہا کہ یہ وقت ہے کہ قوم اتحاد کے ساتھ ایس او پیز پر چلے، کورونا وائرس  کی پہلی ایس او پی ماسک کا استعمال ہے۔

 عمران خان نے کہا کہ سیاسی جماعتوں سے اپیل ہے کہ جلسوں سے حکومت کو کوئی فرق نہیں پڑنا، جلسے جلوس سے لوگ جمع ہوتے ہیں کورونا پھیلنے کا خدشہ ہے، یہ جلسے جلوس دو تین ماہ کے بعد کرلیں۔

انہوں نے کہا کہ دوسری لہر میں باقی دنیا کے لیے بھی ایس او پیز پر عمل درآمد مشکل ہوگیا ہے، ہم نے پہلی لہر میں اپنے لوگوں کو لاک ڈاؤن سے بچایا، پہلی لہر میں قوم نے ایس او پیز  پر عمل کیا، اپنی مدد یہ ہے کہ سب ایس او پیز پر عمل کریں۔

 وزیراعطم نے کہا کہ قوم سے اپیل ہے کہ احتیاط کریں اور کورونا ایس او پیز پر عمل کریں، ملتان میں جلسے کے بعد اسپتالوں کے بستر 64 فیصد بھر چکے ہیں، کوئی اجتماع ہوتا ہے تو اس کے  ہفتہ دس دن بعد اس کے اثرات نظر آنا شروع ہوجاتے ہیں۔

عمران خان نے کہا کہ کورونا وائرس کے  کیسز بڑھتے جارہے ہیں، احتیاط نہ کی تو حالات خراب ہوجائیں گے، سردی بڑھے گی کمروں میں ہیٹر چلیں گے، لوگ ارد گرد بیٹھیں گے تو کورونا بڑھنے کا خدشہ بڑھے گا۔

انہوں نے کہا کہ جلسے جلوس سے مجھ پر دباؤ ڈالنے کی کوشش کی جارہی ہے، مجھے تو کوئی فرق نہیں پڑتا۔

تازہ ترین