اسلام آباد (نمائندہ جنگ) پاکستان مسلم لیگ (ن) کے سینئر نائب صدر شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ حکومت نے مہنگی ایل این جی خرید کر 15؍ ارب روپے کا نقصان کیا، جنوری میں گیس قلت کا سامنا ہوگا، جتنی جلدی ممکن ہو فیصلے کریں اور آر ایل این جی خریدیں۔یہاں پریس کانفرنس کرتے ہوئے سابق وزیر اعظم نے کہا کہ موجودہ حکومت کو دوسال بعد احساس ہوا ہے کہ ایل این جی کے بغیر ملک نہیں چلے گا، بد قسمتی سے ملک میں ایسی حکومت ہے جسے بات سمجھ نہیں آتی، حکومت کہتی تھی کہ ایل این جی نے ملک تباہ کر دیا ہے، مسلم لیگ ن لیگ نے ایل این جی کو ریکارڈ ٹائم میں مکمل کیا، یہ معاملہ صرف نااہلی تک محدود نہیں ہے، ہم نے جو ٹرمینل فیسیلیٹی لگائی اس میں ماہانہ بارہ شپ ایل این جی کے آسکتے ہیں۔