قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کوچ مکی آرتھر نے سابق کپتان سرفراز احمد کو عظیم کپتان قرار دے ديا۔
قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان عامر سہیل کے یوٹیوب چینل پر گفتگو کرتے ہوئے مکی آرتھر نے کہا کہ سرفراز احمد کی قیادت میں پاکستان ٹیم نے چیمپئنز ٹرافی اپنے نام کی، 11 ٹی ٹوئنٹی سیریز مسلسل جیتنے کا ریکارڈ بنایا۔
انہوں نے کہا کہ میں نے سرفراز میں ایک چیز ایسی دیکھی جو مائیکل کلارک، گریم اسمتھ اور مصباح الحق کے ساتھ کام کرتے ہوئے بھی نہیں دیکھی۔
مکی آرتھر نے ايک انٹرويو ميں سرفراز کی تعريف کرتے ہوئے کہا کہ وہ بہت اچھے لیڈر ہيں، فيلڈ ميں ڈسپلن قائم رکھتے تھے مگر ڈريسنگ روم ميں کھلاڑيوں کے بھائی بن جاتے ہيں۔
52سالہ کوچ نے کہا کہ ان کے سرفراز کے ساتھ تعلقات بہت اچھے تھے اور انہیں ان کے ساتھ کام کر کے ہمیشہ بہت مزہ آیا۔
مکی آرتھر کے بیان پر قومی ٹیم کے فاسٹ باؤلر محمد عامر نے تبصرہ کرتے ہوئے لکھا کہ’بابو تو پھر بابو ہے‘۔
پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق وکٹ کیپر راشد لطیف نے بھی مکی آرتھر کے بیان سے اتفاق کیا۔