• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کورونا وائرس کی دوسری لہر کے پیش نظر ایک بار پھر ت تعلیمی اداروں کو بند کردیا گیا ہے۔ تاہم، آن لائن کلاسز کا سلسلہ ایک ماہ جاری رہے گاجس کے بعد موسم سرما کی تعطیلات ہوجائیں گی۔ تعلیمی اداروں کی بندش کی وجہ سے ویسے تو تمام عمر کے طلبا کا ہی نقصان ہورہا ہے مگر دیکھا جائے توسب سے زیادہ حرج پرائمری اور پری پرائمری کے بچوں کا ہوا ہے۔ 

پہلے جب چھ ماہ سے زائد عرصے تک اسکول بند رہے تھے تو چھوٹے بچوں کی بھی آن لائن کلاسز ہوئی تھیں لیکن والدین کی اکثریت کا کہنا تھا کہ بچے آن لائن کلاسز پر دھیان دینے کے بجائے اِدھر اُدھر وقت گزارتے تھے یا پھر موبائل پر گیم لگالیتے تھے۔ اس کے علاوہ اسکول کھلنے کے بعد بھی کافی والدین نے چھوٹے بچوں کو اسکول نہیں بھیجا۔ 

یہ کہانی صرف پاکستان کی ہی نہیں بلکہ کورونا وائرس سے متاثرہ کچھ دیگر ممالک کی بھی ہے، یہی وجہ ہے کہ چھوٹے بچوں کو علم سے بہرہ ور کرنے کیلئے مختلف ایپس بنائی گئی ہیں تاکہ وہ موبائل پر مثبت سرگرمیوں میں وقت گزارتے ہوئے تعلیم بھی حاصل کریں۔ ذیل میں چھوٹے بچوں کے لیے چند بہترین تعلیمی ایپس کے بارے میں بتایا جارہا ہے، ہمیں امید ہے کہ آپ کے بچے کو ان سے بہت کچھ سیکھنے کو ملے گا۔

Khan Academy Kids

اس ایپ میں جانوروں کے پانچ کردار ماہرین تعلیم کے ذریعے سیکڑوں کھیلوں، اسباق اور کہانیوں میں بچوں کی رہنمائی کرتے ہیں۔ ایپ کی "لائبریری" میں نام پرنٹ کرنے، پیمائش یا گنتی سیکھنے سمیت دیگر کاموں کے لیے سبق موجود ہے۔ اس میں کہانی کو بلند آواز میں پڑھنے اور اسے سننے کا آپشن بھی دستیاب ہے۔ ایپل ایپ اسٹور اور گوگل پلے اسٹور پر دستیاب یہ ایپ2 سے 7سال کی عمر کے بچوں کے لیے مفید ہے۔

Number Run

ٹیمپل رن پر یہ ذہانت سے بھرپور یہ گیم ایپ بچوں کو ریاضی(Maths) میں ماہر بنانے میں مدد کرتی ہے اور وہ ایک ہندسے والی جمع (Addition)کی مشقوں سے بڑھتے بڑھتے تقسیم (Division) تک پہنچ جاتے ہیں۔ 50سے زیادہ لیول پر آپ کو جلدی جلدی مشقیں حل کرنا ہوتی ہیں تاکہ اوتار (Avatar) چٹانوں پر چھلانگیں لگائے اور بلاؤں کو چکما دے کر خزانے تک پہنچ سکے۔ 6سال سے زائد عمر کے بچوں کے لیے یہ ایپ گوگل پلے اسٹور اور ایپل ایپ اسٹور پر دستیاب ہے۔

Dragonbox Numbers

اس ایپ میں یاد کروانے کے بجائے "نمبر سینس" پر توجہ مرکوز کروائی جاتی ہے۔ ایپ کی عمدہ خصوصیت اس میں پزل کا موجود ہونا ہے۔ بچے ہندسوں (نمبروں) کی نمائندگی کرنے والے مختلف سائز کے کرداروں کی تصویر مکمل کرنے کے لیے خالی جگہوں پر پزل کے ٹکڑے لگاتے جاتے ہیں۔ اس میں ہندسوں کا حجم بڑھ اور کم بھی ہوسکتا ہے۔ 4سے 8سال کی عمر کے بچوں کے لیے یہ ایپ گوگل پلے اسٹور اور پلے اسٹور پر دستیاب ہے۔

Read Along by Google

گوگل کی اس ایپ میں ذہن سازی کرنے والی 500سے زائد کہانیاں موجود ہیں، جن کو پڑھنے کے دوران اگر بچہ کہیں اٹکتا ہے تو ایپ اس کا درست تلفظ بتا دیتی ہے۔ اس کے علاوہ اگر بچہ کوئی لفظ نہیں پڑھتا تو انڈرلائن کے ذریعے اس لفظ کی نشاندہی کردی جاتی ہے۔ 

کہانی صحیح پڑھنے والے بچوں کو اسٹار بھی دیا جاتا ہے۔ پڑھنے کے دوران اگر بچے کسی لفظ کے معنی نہیں جانتے تو وہ اس پر کلک کرسکتے ہیں،ریڈنگ بڈی ان کی مدد کرے گا۔ اس میں ہسپانوی ، فرانسیسی ، چینی یا دیگر غیر انگریزی زبانوں کے آپشنز بھی موجود ہیں۔ یہ ایپ 5سال سے زائد عمر کے بچوں کے لیے گوگل پلے اسٹور پر دستیاب ہے۔

Stack the States

اس ایپ میں بچے مختلف ممالک کے دارالحکومتوں، جھنڈوں اور دیگر باتوں کے بارے جانتے ہیں اور ملٹی پل چوائس سوالات کے ذریعے ان کے جواب دیتے ہیں۔ 

اس ایپ کی مدد سے بچے شہروں کے نقشے اور ان کے مقام سے متعلق سیکھتے ہیں۔ ایپل ایپ اسٹور اور گوگل پلے اسٹور پر دستیاب یہ ایپ4سال سے زائد عمر کے بچوں کے لیے بہترین ہے۔

Peekaboo Barn

ایک سے تین سال کے بچے اس ایپ کے ذریعے جانوروں کے نام اور ان کی آوازیں سیکھتے ہیں۔ 

اس میں بچہ جب گودام کا دروازہ کھولتا ہے تو ایک جانور باہر آتا ہے، جس کے بارے میں اسے سیکھنے کو ملتا ہے۔ یہ ایپل ایپ اسٹور پر دستیاب ہے۔

?What’s in Space

مختلف عمر کے بچوں کے لیے اس ایپ میں بہت سی سرگرمیاں موجود ہیں، جنہیں بہن بھائی مل کر استعمال کرسکتے ہیں۔ چھوٹے بچے اس میں راکٹ بناسکتے ہیں اور خلابازوں کو لباس پہنا سکتے ہیں۔ تھوڑے بڑے بچے نقطوں کو ملاکر ستاروں کا جھرمٹ ترتیب دے سکتے ہیں جبکہ یہ بھی دیکھ سکتے ہیں کہ شمالی اور جنوبی نصف کرہ کے مابین آسمان کس طرح تبدیل ہوتا ہے۔4 سے 10سال کی عمر کے بچوں کے لیے یہ ایپ گوگل پلے اسٹور اور ایپل ایپ اسٹور پر دستیاب ہے۔

Tic Toc Time

یہ ایپ بچوں کو اینالاگ گھڑی میں وقت دیکھنا سکھاتی ہے۔ اود بلاؤ (Beaver) بچوں کو سکھاتا ہے کہ کس طرح گھڑی کو پڑھنا اور سوئیوں کو وقت کے مطابق کرنا ہے۔

اس ایپ میں چیلنج دیا جاتا ہے کہ جب اینالاگ گھڑی کا وقت ڈیجیٹل گھڑی کے مطابق ہوجائے تو بچے بٹن دبائیں۔ ایپل ایپ اسٹور اور گوگل پلے اسٹور پر دستیاب یہ ایپ6 سے 10سال کے بچوں کو وقت دیکھنا سکھا دیتی ہے۔

تازہ ترین