• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

آزاد کشمیر، گلگت بلتستان، ہزارہ اور مالاکنڈ ڈویژن میں بارش اور برفباری کا سلسلہ وقفے وقفے سے جاری ہے۔ گلگت بلتستان میں شدید برفباری نے لوگوں کو گھروں تک محدود کردیا ہے۔ بلوچستان کے بالائی علاقوں میں بارش اور برفباری کے بعد شدید ٹھنڈ ہے جبکہ برف باری سے لطف اندوز ہونے کے لیے سیاح ملکہ کوہسار مری پہنچ رہے ہیں۔

سیاحتی مقام شوگران میں 3 فٹ، کاغان ویلی میں 4، ناران میں 5 فٹ، سرن ویلی میں ایک فٹ تک برف باری ہوچکی ہے، برف باری کے باعث متعدد رابطہ سڑکیں بند ہیں، گلیات کے مختلف مقامات پر 8 انچ سے ایک فٹ تک برف پڑ چکی ہے برف باری سے سڑکیں متاثر ہیں۔

گلگت بلتستان میں استور، گاہ کوچ، ہنزہ سمیت دیگر علاقوں میں شدید برفباری سے لوگ گھروں تک محصور ہوگئے ہیں۔ رابطہ سڑکیں متاثر ہیں، جبکہ لکڑی کی طلب میں اضافہ ہوگیا ہے، بابو سرٹاپ، بٹوگاہ ٹاپ، نانگاہ پربت، فیری میڈو میں بھی برفباری ہورہی ہے۔

مری میں اب تک 10 انچ تک برف پڑچکی ہے۔ برف باری سے لطف اندوز ہونے کے لیے سیاح مری کا رخ کر رہے ہیں۔

ادھر سوات، مالم جبہ میں بھی وقفے وقفے سے برف باری کا سلسلہ جاری ہے۔

آزاد کشمیر کے مختلف علاقوں میں بارش اور برفباری سے متعدد رابطہ سڑکیں بند ہوگئی ہیں، مظفرآباد، باغ، پونچھ، سدھنوتی اور حویلی میں بارش سے سردی میں اضافہ ہوگیا ہے۔ وادی لیپہ، وادی گری، اٹھمقام، چکوٹھی، چناری اور ہٹیاں بالا میں برفباری سے رابطہ سڑکیں متاثر ہیں۔

تازہ ترین