لاہور(این این آئی)پشتونخواہ ملی عوامی پارٹی کے سربراہ محمود خان اچکزئی نے پنجابیوں سے متعلق بیان پر معذرت کی تردید کرتے ہوئے کہا ہے کہ میں نے مینار پاکستان جلسے میں لاہوراور پنجاب کے عوام سے متعلق دئیے گئے بیان کے حوالے سے کوئی معذرت نہیں کی ‘میں نے جلسے میں پاکستان زندہ باد، پاکستان پائندہ باد کہا، جب ملک میں آئین کی بالا دستی نہیں ہو گی تو کون پائندہ باد کہے گا ۔قبل ازیں نیوز ایجنسی سے خبر جاری ہوئی تھی کہ محمود خان اچکزئی نے مینار پاکستان کے جلسے میںپنجابیوں کے بارے دئیے گئے اپنے بیان پرمعافی مانگ لی ۔ محمودخان اچکزئی نے ٹوئٹر پر اپنے بیان میں کہا کہ لاہور جلسہ میںپنجابی قوم کے بارے میں میرے کچھ الفاظ سے میرے پنجابی بھائیوں کی دل آزاری ہوئی ،میں اپنے سب پنجابی بھائیوں سے معذرت کرتا ہوں۔ بیان کے ساتھ ہاتھ جوڑ کر معافی کی ایموجی بھی لگائی گئی ہے۔ تاہم جاتی امراء رائے ونڈ میں پی ڈی ایم کے سربراہی اجلاس میں شرکت کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے محمود خان اچکزئی نے کہا کہ میں نے مینا رپاکستان پر تاریخ بیان کی ہے‘ میں لاہور میں جب تقریر کر رہا تھا تو باربار بجلی بند ہو رہی تھی ۔ایک دوست نے کہا میاں صاحب جو فرما رہے ہیں اس کیلئے محموداچکزئی انہیں مشورے دیتا ہے ۔ ہم جو کہہ رہے ہیں یہ نہ میاں کا اورنہ ہی محمودکاایجنڈا ہے یہ محمد علی جناح کا ایجنڈا ہے ،میں نے جلسے میں کہا لاہوریوں آپ نے ہمیں عزت دی ، آپ سے کچھ وعدے کرنے آئے ہیں اور کچھ وعدے لینے آئے ہیں ۔پاکستان بننے کے بعد خان عبدا لغفارخان نے تمام پشتونوں اوربلوچوں کی طرف سے قرآن مجید پر ہاتھ رکھ کر اس ملک سے وفاداری کا حلف دیا لیکن اس اعلان کو کوئی اہمیت نہ دی گئی ۔ ہفتے کے اندران کی اسمبلی کو توڑدیا گیا اورسال بعد بھابڑہ کے میدان میں خون کی ہولی کھیلی گئی ، لیاقت باغ میں ہمارے ساتھ جو کچھ ہوا، اس کے بعد ہمارے سا تھ اور بلوچوں کے ساتھ جو کچھ ہوا ۔ میں نے کہا کہ ہم یہاں آئے ہیں ہم ان سب کو بھولنا چاہتے ہیں، اگرواقعی لاہوروالوں نواز شریف اور اس کی بیٹی کے سلوگن کے ساتھ ہو کہ ملک میں آئین کی بالا دستی ہو گی میں نے کلمہ پڑھ کر کہ بلوچی،سندھی،سرائیکی پشتون ہم آپ کے ساتھ آخر ی دم تک رہیں گے۔