• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پورے پاکستان کی آواز ہے،عمران خان کو جانا پڑے گا،بلاول بھٹو

چیئرمین پاکستان پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری کا کہنا ہے کہ پورے پاکستان کی آواز ہے کہ عمران خان کو جانا پڑے گا، ہمارا مطالبہ یہی ہے کہ وزیر اعظم اکتیس جنوری تک مستعفی ہوجائیں.

  بلاول بھٹو زرداری نے میڈیا سے گفتگو کے دوران کہا ہے کہ لاہور کا جلسہ کامیاب ہوا، لانگ مارچ کو بھی کامیاب بنائیں گے، حکومت پرجوش کارکنوں کا مقابلہ نہیں کرسکتی، لاہور کے کارکنوں نے 13 دسمبر کے جلسے کے لیے بہت محنت کی، ہمارا مطالبہ یہی ہے کہ وزیراعظم عمران خان 31 جنوری تک مستعفی ہو جائیں۔

 بلاول بھٹو زرداری نے حکومت پر تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ پورے پاکستان کی آواز ہے عمران خان کو جانا پڑے گا، چینی، آٹے کے بعد سوئی گیس کا بحران بھی سر اٹھانے کو ہے، افراط زر میں ہم خطے میں سب سے آگے ہیں، حکومت عوام کے مشکلات میں کمی کے لیے کوئی کوشش نہیں کر رہی۔

انہوں نے مزید کہا کہ  پی ڈی ایم کی تمام جماعتوں کا مطالبہ ہے کہ وزیراعظم مستعفی ہوں۔

اُن کا پاکستان مسلم لیگ ن کے صدر میاں محمد شہباز شریف سے ملاقات سے متعلق کہنا تھا کہ دو سیاستدان ملتے ہیں تو سیاسی بات بھی ہوتی ہے،  شہباز شریف کےساتھ ملاقات میں پی ڈی ایم کو مستحکم بنانے پر بات ہوئی۔

اُن کا کہنا تھا کہ حکومت گھبراہٹ اور بوکھلاہٹ کا شکار ہے،  حکومت جانتی ہے کہ انہیں سینٹ میں اکثریت نہیں مل سکتی۔

بلاول بھٹو زرداری کا آرمی پبلک اسکول سانحہ سے متعلق بات کرتے ہوئے کہنا تھا کہ اے پی ایس پر دہشتگردی ہمارے یادوں میں تازہ ہے، اس حکومت نے اے پی ایس کے بچوں کو لاوارث چھوڑاہے اس کی مذمت کرتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ احسان اللّٰہ احسان جو اے پی ایس کے واقعے میں ملوث تھا جیل سے نکل کر بھگوڑا بنا ہوا ہے ،  یہ حکومت دہشتگردوں کو جیل میں ڈالنے میں ناکام ہے۔

تازہ ترین