پاکستان مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز نے (ن) لیگ اور اپوزیشن اتحاد پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کے حوالے سے واضح موقف دے دیا، مریم نواز کا کہنا ہے کہ مسلم لیگ ن پی ڈی ایم کا حصہ ہے، فیصلے پی ڈی ایم ہی کرے گی۔
جاتی امرا میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مریم نواز نے کہا کہ کل کے جعلی حکومت کے جو اعلانات ہوئے اس پر لوگوں نے مجھ سے ن لیگ کا موقف پوچھا، تو انہیں بتا دیتی ہوں کہ مسلم لیگ ن پی ڈی ایم کا حصہ ہے۔
مریم نواز نے کہا کہ جب عوامی غصہ، عوامی قہر جاگ اٹھتا ہے تو اس قسم کے انتظامات کار گرثابت نہیں ہوتے، اگر آپ کو پی ڈی ایم سے فرق نہیں پڑ رہا تو اچانک ایک مہینہ پہلے الیکشن کیوں اناؤنس کرنا پڑا۔
رہنما ن لیگ نے کہا کہ ان کو یہ سمجھ آ گئی ہے کہ حکومت کے پاس دن تھوڑے ہیں، آپ جو بھی ہتھکنڈے استعمال کریں آپ کو گھر تو جانا پڑےگا۔
مریم نواز نے کہا کہ آپ نے قومی اداروں کو تباہ کیا ایف بی آر کے چیئرمین بھی خود ہی بن جاتے ہیں، الیکشن کے شیڈول کا اعلان الیکشن کمیشن آف پاکستان کو کرنا ہے، آپ نے کس حیثیت میں ایک مہینے پہلے سینیٹ الیکشن کا اعلان کیا۔
انہوں نے کہا کہ آپ سپریم کورٹ کو کس خوشی میں متنازع بنارہے ہیں۔
مریم نواز نے کہا کہ شو آف ہینڈز کے خلاف نہیں، لیکن اس اعلان کے پیچھے شفافیت نہیں ہے، آپ کمزور ہوگئے ہیں، حکومت جاتی نظر آرہی ہے، آپ کو آج شو آف ہینڈز یاد آ گیا۔
رہنما مسلم لیگ ن نے کہا کہ اس کے لیے آئینی ترمیم کی ضرورت ہے آرڈیننس کے ذریعے بلڈوز نہیں کر سکتے، سپریم کورٹ صرف اس کی تشریح کرسکتی ہے، نیا قانون تو نہیں بناسکتی۔