• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

نوازشریف کو وطن واپس لانے کے لیے ابھی تک کوئی پیشرفت نہیں ہوئی، شیخ رشید


وفاقی وزیر برائے داخلہ شیخ رشید احمد کا کہنا ہے کہ نوازشریف کو وطن واپس لانے کے لیے ابھی تک کوئی پیشرفت نہیں ہوئی، ہمارا برطانیہ سے کوئی معاہدہ نہیں۔

شیخ رشید احمد نے نادرا ہیڈ کوارٹرز میں پریس کانفرنس کے دوران کہا کہ  ہم اسحاق ڈار کو نہیں لاسکے، ہمارا برطانیہ سے کوئی معاہدہ نہیں۔

وزیر داخلہ شیخ رشید نے پاکستان ڈیومکریٹک موومنٹ سے متعلق کہنا ہے کہ پی ڈی ایم کو حصہ نہیں لینا تو انہیں کیا فرق پڑتا ہے الیکشن کب ہوں، پی ڈی ایم کو سینیٹ الیکشن میں حصہ لیتے دیکھ رہا ہوں۔

انہوں نے کہا کہ  بہتر ہے درمیانی راستہ اختیار کیاجائے، اگر اپوزیشن نے استعفے دیے تو انہی کی نشستوں پر الیکشن کرائیں گے، اپوزیشن کو اسلام آباد آنا ہے تو ابھی آجاؤ دھوپ نکلی ہوئی ہے۔

شیخ رشید نے کہا ہے کہ فروری سے 12 مارچ کے درمیان الیکشن کمیشن الیکشن کا اعلان کرسکتا ہے، عمران خان سینیٹ میں اکثریت حاصل کرگیا تو ایسے قانون لائے گا کہ چیخیں نکل جائیں گی۔

شیخ رشید نے مزید کہا کہ وزیر اعظم عمران خان کہیں نہیں جارہے، جس کو شرط لگانا ہے لگالے، ان سے تو نہیں جانا۔

اُن کا پی ڈیم پر تنقید کرتے ہوئے کہنا تھا کہ پی ڈی ایم کو کورونا کی کوئی پرواہ نہیں ہے۔ میں جھنڈے والا نہیں ڈنڈے والا وزیر ہوں، میں نرم زبان میں گفتگو کرتا ہوں ۔

اُن کا نادرا ادارے سے متعلق کہنا تھا کہ نادرا سے کسی کانٹریکٹ ملازم کو نہیں نکالیں گے۔

شیخ رشید کا کہنا تھا کہ نادرا بڑا حساس ادارہ ہے جس میں زبردست کام ہو رہا ہے، اتوار سے نادرا ہیڈ کوارٹر کھلا رہے گا، نادرا کے 50 نئےسینٹر کھولے جائیں گے، پہلا شناختی کارڈ 40 کے بجائے 30 دن میں مفت جاری ہوگا۔

اُن کا کہنا تھا کہ ملک بھر میں 6 لاکھ اسلحہ لائسنس جاری کریں گے، بیرون ممالک پاکستانی سفارتخانوں میں پاسپورٹ کی مشینیں دیں گے۔

شیخ رشید نے کہا ہے کہ تمام تحصیلوں میں شناختی کارڈز دفاتر کھولے جائیں گے، موبائل وینز کی تعداد میں 30 سے 50 کا اضافہ کردیا گیا ہے، نادرا میں 16 ہزار بندے کام کررہے ہیں، اہم کام ہے کہ سہولت ای سیون میں نا دیں، دور دراز علاقوں میں دیں۔

اس دوران  شیخ رشید احمد  کی جانب سے ہدایت کی گئی کہ شناختی کارڈ کے اجراء میں 10 دن کی کمی کی جائے اور لوگوں کو جلد از جلد شناختی کارڈ فراہم کیا جائے۔

انہوں نے ہدایت دیتے ہوئے مزید کہا کہ ہرتحصیل کی سطح پر نادرا کے موبائل سینٹرز قائم کیے جائیں اور عوام کوشناختی کارڈز کے جلد اجراء میں حائل رکاوٹیں دور کی جائیں۔

تازہ ترین