پاکستان میڈیکل کمیشن (پی ایم سی) کے نائب صدر علی رضا کا کہنا ہے کہ میڈیکل اینڈ ڈینٹل کالجز داخلہ ٹیسٹ میں گریس نمبر نہیں دیے گئے۔
اسلام آباد میں نائب صدر پاکستان میڈیکل کمیشن نے پریس کانفرنس میں کہا کہ ہم نے تمام نتائج صوبوں کو بھی بھیج دیئے ہیں، تمام طالبعلم اسی بنیاد پر رجسٹر ہوں گے ۔
علی رضا نے کہا کہ پندرہ جنوری سے پرائیویٹ کالج داخلے اوپن کرسکیں گے، گلگت بلتسان میں 70 فیصد سے زائد بچے پاس ہوئے۔
انہوں نے کہا کہ 16 دسمبر کو نتائج ریلیز کر کے شکایات موصول ہونے پر دوبارہ چیک کیےگئے، 40 کے قریب شکایات آئیں کہ رول نمبر آرہا ہے نام نہیں آرہا۔
انہوں نے کہا کہ تمام پیپرز مشین سے چیک ہوئے، تمام کا تمام نظام کمپوٹر پر تھا، ہمیں تمام نتائج ہاتھ سےچیک کرنا پڑے، کئی بچوں نے شیٹ پر رول نمبر ہی غلط لکھ دیا تھا، ہم نے تمام ایڈمٹ کارڈ اور ڈیٹا نکال کر تصدیق کی۔
نائب صدر پاکستان میڈیکل کمیشن نے کہا کہ رجسٹریشن نام کےلحاظ سےتھی، جو نام جواب نامہ پر تھا کمپیوٹر نے اسی کا نتیجہ دیا۔
انہوں نے کہا کہ اکیڈمیز بچوں کو مس گائیڈ نہ کریں، جب پیپرز چیک ہوتے ہیں تمام زوایوں سے چیک کیے جاتے ہیں۔