میڈیکل کالجوں کے انٹری ٹیسٹ ایم ڈی کیٹ 2020 کے نتائج میں غلطیوں کاانکشاف ہوا ہے۔
بعض طالب علموں کےنام اور رول نمبر تبدیل ہونے کا انکشاف ہوا ہے جس سے نتائج میں غلطیاں سامنے آئی ہیں۔
متاثرہ طلبہ کا کہنا ہےکہ انہیں نتائج میں غیر حاضر ظاہرکیا گیا۔
طلبہ کی جانب سے غلطیوں کی شکایات پر پاکستان میڈیکل کمیشن کو انٹری ٹیسٹ کا رزلٹ ویب سائٹ سےہٹانا پڑگیا۔
طلبہ کی شکایت پر پاکستان میڈیکل کمیشن نے ایم ڈی کیٹ 2020 کے نتائج کی تصحیح کر کے دوبارہ اپلوڈ کیا گیا۔
خیال رہے کہ گزشتہ روز پاکستان میڈیکل کمیشن (پی ایم سی) نے میڈیکل اینڈ ڈینٹل کالج کے داخلہ ٹیسٹ (ایم ڈی کیٹ) کے نتائج کا اعلان کیا تھا۔
ایم ڈی کیٹ 2020 میں حصہ لینے والے طلبہ اپنا رزلٹ پی ایم سی کی ویب سائٹ پر دیکھ سکتے تھے۔
پاکستان میڈیکل کمیشن کے ایک بیان کے مطابق رواں برس ایم ڈی کیٹ میں ایک لاکھ 21ہزار 181 طلبہ نے شرکت کی، امتحان میں کامیاب ہونے والوں کی تعداد 67 ہزار 611 رہی۔
ایم ڈی کیٹ 2020 میں کامیاب ہونے والے طلبہ 60 فیصد سے زائد نمبر حاصل کرنے میں کامیاب رہے۔