• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

شہباز شریف نے ایف آئی اے کو جواب ریکارڈ کروادیا

قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف و مسلم لیگ ن کے صدر شہباز شریف نے تحقیقات کے لیے آنے والی  ایف آئی اے کی ٹیم کو اپنا جواب ریکارڈ کروادیا۔

شہباز شریف نے ایف آئی اے کی ٹیم کو جواب دیتے ہوئے کہا کہ میں نےایک دھیلے کی کرپشن نہیں کی۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ شہباز شریف نے ایف آئی اے کی ٹیم کو جواب دیتے ہوئے کہا کہ حوالہ ہنڈی کے کاروبار کو نہیں جانتا، نہ اس کے ذریعے کبھی ٹرانزیکشن کی۔

شہباز شریف نے کہا کہ کمپنی کے اکاؤنٹس کی دیکھ بھال چیف فنانشل افسر کی ذمہ داری ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ شہباز شریف نے جواب دیتے ہوئے کہا کہ چپڑاسی اور ملازمین کے اکاؤنٹس میں پیسے آنے کا علم نہیں  ہے۔

شہباز شریف نے جواب دیتے ہوئے کہا کہ بیرون ملک جائیداد کا ریکارڈ گوشواروں میں موجود ہے۔

گزشتہ دنوں ایف آئی اے اینٹی کرپشن ونگ نے تحقیقات کے حوالے سے جیل وزٹ کے لیے آئی جی جیل خانہ جات کو خط لکھا تھا جس کے بعد ٹیم نے 17 دسمبر کو حمزہ شہباز سے جیل میں تحقیقات بھی کی تھیں۔

واضح رہے کہ 11 نومبر کو احتساب عدالت لاہور نے منی لانڈرنگ ریفرنس میں اپوزیشن لیڈر شہباز شریف اور حمزہ شہباز سمیت 10 افراد پر فرد جرم عائد کی تھی، جس کے بعد 8 دسمبر کو احتساب عدالت لاہور نے منی لانڈرنگ ریفرنس میں مسلسل غیر حاضری پر شہباز شریف کی اہلیہ نصرت شہباز کو اشتہاری قرار دیا تھا۔

تازہ ترین