اسلام آباد ( ماریانہ بابر ) وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے توقع ظاہر کی ہے کہ پاکستانیوں کے لئے متحدہ عرب امارات کے ویزوں کا مسئلہ جلد حل ہو جائے گا۔
اس سلسلے میں مزید بات چیت کے لئے وہ امارات کے سینئر اور انٹلی جنس حکام سے بھی ملیں گے ۔تاہم یو اے ای کے تحفظات دور ہو نے تک حتمی طور پر کچھ نہیں کہا جاسکتا۔
ابو ظہبی میں اس موقع پر بات اماراتی وزیر خارجہ شیخ عبداللہ بن زائد النہیان کے ساتھ بات چیت کرتے ہوئے شاہ محمود قریشی نے کہا کہ پاکستانی برادری نے یو اے ای کی تعمیر و ترقی میں نمایاں کردار ادا کیا ہے ۔ کچھ ایشوز ہیں جن پر گفتگو ہوئی اور توقع ہے کہ مسئلہ جلد حل ہو جائے گا۔
اس موقع پر اماراتی وزیر خارجہ نے دورہ پاکستان کے لئے شاہ محمود قریشی کی دعوت قبول کر لی ۔ دونوں وزرا خارجہ نے باہمی تعلقات کو مزید فروغ دینے پر اتفاق کیا۔
شاہ محمود نے اس موقع پر مقبوضہ کشمیر کی بگڑتی صورتحال پر روشنی ڈالی اور یہ بھی کہا کہ پاکستان افغانستان میں امن ور مفاہمت کی کوششوں کی حمایت جاری رکھے گا۔