مردان (نمائندہ جنگ ) سی ٹی ڈی مردان ریجن نے مردان کے نواحی علاقہ میں ٹارگٹڈ آپریشن کے دوران 5افغان دہشت گردوں کو گرفتار کرکے ان کے قبضے سے ایک خودکش جیکٹ دو خود ساختہ بم ، پانچ ہینڈ گرنیڈ دو کلاشنکوف اور تین پستول برآمد کرلئے گرفتار دہشت گردوں نے افغانستان میں موجود را کی ہدایت پر مردان ، صوابی اور پشاور میں تخریب کاری کی حکمت عملی بنائی ہوئی تھی، صفی اللہ ،محمد عالم ،لعل محمد، ذاکر اللہ، صات اللہ افغانستان میں موجود را کے ایجنڈے پر مردان پہنچے ، سہولت کاروں نے اسلحہ فراہم کیا ، ایس پی سی ٹی ڈی فضل واحد خان نے پولیس لائن مردان میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے بتایا کہ سی ٹی ڈی مردان ریجن کو انٹیلی جنس ایجنسیوں کے ذریعے اطلاع ملی تھی کہ کہ پانچ افغان دہشت گرد صفی اللہ ولد شہزاد گل ،محمد عالم ولعل محمد پسران رنگا خان ، ذاکر اللہ ولد خیال جان صات اللہ ولد جمد علی خان ساکنان افغانستان میں موجود را کے ایجنڈے پر ضلع مردان پہنچ گئے ہیں۔