لاہور کی سیشن عدالت میں اداکار و گلوکار علی ظفر اور گلوکارہ میشا شفیع کے وکلا کے درمیان تلخ کلامی ہو گئی، میشا شفیع کی گواہ اداکارہ عفت عمر عدالت میں پیش ہوئیں، انہوں نے بتایا کہ ان کا ذہنی توازن درست ہے تاہم ڈاکٹر کی ہدایت پر وہ ڈپریشن کی ادویات لیتی ہیں۔
ایڈیشنل سیشن جج امتیاز احمد نے اداکار اور گلوکار علی ظفر کے گلوکارہ میشا شفیع کے خلاف ہتک عزت کے دعویٰ پر سماعت کی۔
علی ظفر کے وکیل نے میشا شفیع کی گواہ اداکارہ عفت عمر پر جرح کی، وکیل کے سوال پر عفت عمر نے بتایا کہ ان کا ذہنی توازن درست ہے تاہم ڈاکٹر نے انہیں بلڈ پریشر اور ڈپریشن کی دوا دی تھی۔
عفت عمر نے کہا کہ میشا شفیع کی والدہ صبا حمید نے ہراسانی کے واقعے سے متعلق بتایا جس پر انہوں نے یقین کر لیا کیونکہ وہ علی ظفر کے ایسے ہی 2 واقعات پہلے بھی سن چکی تھیں، میشا شفیع ان کے گھر تقریب میں سب کے سامنے تو خوش تھیں تاہم ان کے سامنے شدید پریشان تھیں۔
میڈیا سے مختصر گفتگو کرتے ہوئے اداکارہ عفت عمر نے کہا کہ جلد ہی سچ سامنے جائے گا۔
عدالت نے علی ظفر کے وکلا کوعفت عمر کے بیان پر جرح مکمل کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے مزید سماعت 6جنوری تک ملتوی کردی۔