• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

محمد عامر نے ریٹائرمنٹ کو سوچا سمجھا فیصلہ قرار دیدیا

پاکستان کے لیفٹ آرم فاسٹ بولر محمد عامر نے اپنے ریٹائرمنٹ کے فیصلے کو جذباتی نہیں بلکہ سوچا سمجھا قرار دیا ہے۔

ایک بیان میں محمد عامر نے کہا کہ میرے ریٹائرمنٹ کا فیصلہ جذباتی نہیں تھا سوچ سمجھ کرفیصلہ کیا، میں کمزور انسان نہیں ہوں، اگر ہوتا تو 2010ء کے بعد پاؤں پر کھڑا نہ ہوتا۔

انہوں نے کہا کہ میں کمزور ہوتا تو غلطی کے بعد لوگوں کا سامنا نہ کرپاتا، کچھ سابق کرکٹرز مجھے 2010ء کی میچ فکسنگ کا طعنہ دیتے ہیں۔

لیفٹ آرم فاسٹ بولر نے مزید کہا کہ میں آج بھی عالمی ون ڈے ریکنگ میں ٹاپ 10 بولرز میں ہوں۔


ان کا کہنا تھا کہ مکی آرتھر کو پتا تھا میں ورلڈ کپ کے بعد ٹیسٹ کرکٹ چھوڑرہا ہوں، موجودہ مینجمنٹ نے جب چارج لیا تو انھوں نے ایشوبنا دیا۔

محمد عامر نے یہ بھی کہاکہ میری لڑائی احسان مانی اور وسیم خان سے نہیں ہے، ٹیم مینجمنٹ کو اپنے اندر کا ’باس‘ ختم کرنا پڑے گا۔

انہوں نے کہا کہ میری باڈی ٹیسٹ کرکٹ کا بوجھ نہیں اٹھا پارہی تھی، میں دو فارمیٹ کیلئے ہمیشہ دستیاب تھا، سابق کرکٹرزکے پیٹ میں اس کا درد ہے، اس وقت ٹیم کے ساتھ ایک فارمیٹ والے کرکٹرہیں، کسی کے پیٹ میں درد نہیں ہوتا۔

لیفٹ آرم فاسٹ بولر نے مزید کہا کہ مجھ پر الزام لگایا گیا میں لیگ کرکٹ کھیلنا چاہتا ہوں، لوگوں کے دماغ میں ڈالا گیا کہ میں پیسے کمانا چاہتا ہوں۔

محمد عامر نے یہ بھی کہا کہ میں نے کبھی نہیں کہا میں لیگ کھیلنے جارہا ہوں، مجھے این او سی دو، آپ کیسے مجھ پرالزام لگا سکتے ہیں کہ میں لیگ میں پیسے کمانا چاہتا ہوں۔

ان کاکہنا تھا کہ میں پاکستان کو چیمپئن ٹرافی جتوائی، ورلڈ کپ میں پاکستان کی طرف سے زیادہ وکٹ لینے والا بولر ہوں۔

محمد عامر نےکہا کہ موجودہ ٹیم مینجمنٹ پلیئرز کو دبانا چاہتی ہے، پاکستان کرکٹ سے ’باس گیری‘ ختم کرنا پڑے گی، اب بولنا پڑے گا یس باس والا طریقہ ختم ہونا چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ مجھے 35 کھلاڑیوں میں شامل نہ ہونے کا دکھ تھا، ا س لیے اظہار کیا، مجھے ٹیم سے ڈراپ کرنے سے قبل بات کرنا بھی مناسب نہیں سمجھا گیا۔

لیفٹ آرم فاسٹ بولر نے کہا کہ فاسٹ بولرحارث رؤف بھی لیگ کی وجہ سے آیا، سب کرکٹر لیگز میں پرفارم کرکے کم بیک کرتے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ مجھے اپنی عزت پیاری ہے، اپنی عزت کی خاطر بولا ہوں، سابق چیئرمین نجم سیٹھی اور شاہد آفریدی کا ہمیشہ احسان مند رہوں گا۔

محمد عامر نے یہ بھی کہا کہ ساتھی کھلاڑیوں نے میرے ساتھ کھیلنے سے انکار کیا، نجم سیٹھی اورسابق کپتان شاہد آفریدی نے کہا ’عامر تو کھیلے گا‘ ۔

انہوں نے کہا کہ جہاں بھی کھیلوں گا پاکستان کی پہچان بن کرکھیلوں گا۔

تازہ ترین