• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

فیفا کی پاکستان فٹبال میں مداخلت، نارملائزیشن کمیٹی کا نیا چیئرمین مقرر

کراچی (شکیل یامین کانگا/ اسٹاف رپورٹر) فٹ بال کی عالمی تنظیم فیفا نے پاکستانی فٹ بال میں ایک بار پھر مداخلت کرتے ہوئے پی ایف ایف نارملائزیشن کمیٹی کے چیئرمین حمزہ خان کوفارغ کرکے ان کی جگہ کمیٹی دوسرے ر کن منیر احمد خان سدھانا کو نارملائزیشن کمیٹی کا چیئرمین مقررکردیاہے۔ منیر سدھانا اب تین رکنی کمیٹی سکندر خٹک،اسماء بلال اور کرنل (ر) مجاہد اللہ ترین کے چیئرمین ہیں۔ 2016ءمیں پی ایف ایف کے انتخابات میں عہدوں کی جنگ نے فیفا کو پاکستانی فٹ بال میں ایکشن لینے کا موقع فراہم کیا اور اکتوبر2017 ء میں فیفا نے پاکستانی فٹ بال کی رکنیت معطل کی اورپھر عالمی سطح پر پابندی ہٹا کر 2019 کے اوخر میں فیفا نارملائزیشن کمیٹی کا اعلان کیا جس کا چیئرمین حمزہ خان کو مقرر کیا گیا تھا۔نارملائزیشن کمیٹی کوپاکستان میں فٹبال کے امور کو چلانے ، کلبوں کی رجسٹریشن اور نگرانی اسکروٹنی کو یقینی بنانے کے ساتھ ساتھ فیفا اور اے ایف سی(ایشین فٹبال کنفیڈریشن) کی مدد سے پاکستان فٹبال فیڈریشن کے لئے انتخابی ضابطہ کی تیاری اور الیکشن کرانے کی ذمہ داری کے ساتھ ، فیڈریشن کے بینک اکائونٹس بھی کمیٹی کے کنٹرول میں دیئے گئے۔ کمیٹی کا قیام 15 جون 2020 ء تک کیلئے تھالیکن کوویڈ19 وبا ء کی وجہ سے فیفا نے نارملائزیشن کی ذمہ داریوں میں31 دسمبر تک توسیع کر دی۔ اس دوران نارملائزیشن کمیٹی اپنا کام مکمل نہیں کرسکی اور فیفا سے فروری2021 ء میں کام نمٹانے کی مہلت مانگی جس پر فیفا نے حمزہ خان کو فارغ کرکے منیر سدھانا کو چیئرمین مقررکرکے کام جاری رکھنے کا خط جاری کیا۔ جنگ کو یہ اعزاز حاصل ہوگیا کہ11 دسمبر کو جنگ میں نارملائزیشن کمیٹی کے چیئرمین حمزہ خان کے استعفی اور فیفا کی جانب سے پاکستان فٹ بال کے معاملات میں ایک بار پھر مداخلت کے امکانات کو ظاہر کیا تھا۔ خبرکی اشاعت کے آٹھ روز بعد فٹ بال کی عالمی تنظیم فیفا نے ایکشن لیتے ہوئے 19 دسمبر کو منیر سدھانا کو نارملائزیشن کمیٹی کے چیئرمین بنائے جانے کا لیٹر جاری کردیا۔

تازہ ترین