کورونا وائرس کی زیادہ خطرناک اور تیزی سے پھیلنے والی نئی قسم سامنے آنے کے بعد یورپی ممالک ایک ایک کر کے برطانیہ پر سفری پابندیاں عائد کرتے جا رہے ہیں۔
برطانیہ کیلئے سفری پابندیاں لگانے والے ملکوں میں پولینڈ اور کولمبیا بھی شامل ہوگئے ہیں۔
ارجنٹینا اور چلی نے بھی برطانیہ کیلئے پروازوں کی آمدورفت معطل کرنے کا اعلان کردیا ہے۔
یورپی ممالک نیدرلینڈز، بیلجیم اور اٹلی کے بعد آسٹریا اور جرمنی نے برطانیہ پر سفری پابندیاں عائد کیں اور تمام پروازیں روک دیں۔
رپورٹس کے مطابق برطانیہ سے بیلجیم اور نیدرلینڈز کیلئے ٹرین سروس بھی بند کردی گئی ہے۔
خیال رہے کہ 24 گھنٹوں کے دوران برطانیہ میں مزید 35 ہزار 928 افراد میں مہلک وائرس کی تشخیص ہوئی ہے اور یہ ایک ہی روز میں کورونا سے متاثرہ افراد کی سب سے بڑی تعداد ریکارڈ کی گئی۔
مہلک وائرس سے متاثرہ مریضوں کی تعداد 20 لاکھ سے تجاوز کرچکی ہے جبکہ گزشتہ 24 گھنٹوں میں وائرس سے مزید 326 افراد انتقال کرگئے ہیں جس کے بعد یہ ہلاکتیں 67 ہزار سے زائد ہوچکی ہیں۔