حکومت مخالف اتحاد پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ ( پی ڈی ایم) نے آج مردان میں ریلی کا اعلان کیا ہے۔ ضلعی انتظامیہ نے ریلی کی اجازت دینے سے انکار کر دیا۔
مردان ضلعی انتظامیہ کی جانب سے جاری مراسلے میں کہا گیا ہے کہ کورونا کیسز کے پھیلاؤ کے پیش نظر ریلی کی اجازت نہیں دی جاسکتی ہے۔
ڈپٹی کمشنر مردان عابد وزیر نے جیو نیوز سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ ریلی نکالنے والوں کے خلاف قانون کے تحت کارروائی کی جائے گی۔
دوسری جانب مسلم لیگ ن نے کہا ہے کہ مردان میں ریلی ہر صورت ہوگی پرچے کٹنے کی پرواہ نہیں۔
صوبائی ترجمان مسلم لیگ ن اختیار ولی کے مطابق ریلی کی تیاریاں مکمل ہیں۔ مریم نواز سمیت پی ڈی ایم کے قائدین ریلی میں شرکت کریں گے۔