• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

چاہتا ہوں قوم پولیس کو پسند کرے: عمران خان


وزیرِ اعظم عمران خان کہتے ہیں کہ فوج سرحدوں کی محافظ، جبکہ پولیس شہریوں کی محافظ ہوتی ہے، میں چاہتا ہوں کہ قوم پولیس کو پسند کرے۔

اسلام آباد کی پولیس لائنز میں پاسنگ آؤٹ پریڈ کی تقریب سے وزیرِ اعظم عمران خان نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ جن سیاستدانوں نے غلط راستے سے پیسہ بنایا، وہ ان کے کسی کام نہ آیا۔

انہوں نے کہا کہ چوری کے پیسے کا کوئی فائدہ نہیں، یہ کسی کام نہیں آتا، بچوں کو والد کی چوری بچانے کے لیے جھوٹ بولنا پڑ رہا ہے۔

عمران خان کا کہنا ہے کہ قوم کی جان و مال کی حفاظت ہونے تک قوم ترقی نہیں کر سکتی، کے پی میں حکومت میں آئے تو پولیس کا مورال گرا ہوا تھا۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان تحریکِ انصاف نے خیبر پختون خوامیں پولیس کو تبدیل کیا، میں نے کے پی کی پولیس کو تبدیل ہوتے دیکھا ہے۔

وزیرِ اعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ کئی دفعہ آسان راستہ تباہی کا راستہ ہوتا ہے، سمجھتا ہوں کہ پولیس کو ملنےوالی تنخواہ کافی نہیں ہے۔


انہوں نے کہا کہ پولیس کی تنخواہوں کے معاملے پر وزیرِ خزانہ عبدالحفیظ شیخ سے بات کروں گا، اسلام آباد پولیس کی تنخواہ پنجاب پولیس کے برابر کرنے پر غور کریں گے، اسلام آباد پولیس کے اہل کاروں کو بھی ہیلتھ کارڈ دیں گے۔

عمران خان نے مزید کہا کہ وزیرِاعظم ہاؤس کے 60 سے 70 فیصد اخراجات کم کیئے ہیں، پانچواں مہینہ ہے کہ کرنٹ اکاؤنٹ خسارہ سر پلس میں ہے۔

انہوں نے یہ بھی کہا کہ صرف سمندر پار پاکستانی ملک کو اٹھا سکتے ہیں، اوورسیز پاکستانیوں کو اعتماد نہیں کہ ان کی انویسٹمنٹ محفوظ رہے گی، ان کا اعتماد بڑھانے کے لیے پولیس کا بہت اہم کردار ہے۔

تازہ ترین