برطانیہ میں کورونا وائرس کی نئی قسم سامنے آنے کے بعد وہاں سے خیبرپختونخوا آنے والے افراد کی تلاش تیز کردی گئی ہے۔
خیبرپختونخوا میں برطانیہ سے حال ہی میں آنے والے افراد کی تلاش شروع ہوگئی ہے۔
وفاق نے صوبائی حکومت کو برطانیہ سے آنے والے افراد کی تفصیلات فراہم کردی ہیں،101 افراد کی تلاش کے لیے محکمہ صحت اور ڈپٹی کمشنرز کو خط ارسال کردیا ہے۔
محکمہ صحت کی رپورٹ کے مطابق پشاور، مردان، ایبٹ آباد، سوات، نوشہرہ سمیت 12 اضلاع میں برطانیہ سے لوگ واپس آئے ہیں۔
برطانیہ سے آنے والے ان افراد کی تلاش کرکے ان کے کورونا وائرس کے ٹیسٹ کیے جائیں گے۔
محکمہ صحت کے مطابق حال ہی میں برطانیہ سے وطن واپس آنے والوں میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی تو ان کو قرنطینہ کیا جائے گا۔
حکام کے مطابق برطانیہ میں پھیل چکا کورونا وائرس بہت خطرناک ہے جو متاثرہ شخص کے ذریعے تیزی سے پھیلنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔