• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

تعلیمی ادارے کھلیں گے یا نہیں؟ 4 جنوری کو فیصلہ ہو گا: شفقت محمود

وفاقی وزیرِ تعلیم شفقت محمود کہتے ہیں کہ 4 جنوری کو بین الصوبائی وزراء کی میٹنگ میں حا لات کا جائز ہ لیا جائے گا اور تعلیمی ادارو ں کے کھلنے سے متعلق فیصلہ ہوگا۔

اسلام آباد میں وینٹیج کار کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیرِ تعلیم شفقت محمود کا کہنا ہے کہ پی ڈی ایم کے اندرونی اختلافات ختم نہیں ہورہے تھے کہ جے یو آئی ف کے اندرونی مسائل شروع ہو گئے۔

انہوں نے کہا کہ موسیٰ جی عیسیٰ جی فیملی نے لوک ورثہ کو وہ وینٹیج گاڑی سونپی ہےجس میں بانیٔ پاکستان قائدِ اعظم محمد علی جناح نے سفر کیا تھا، میں ان کا شکر گزار ہوں۔

شفقت محمود نے کہا کہ امید ہے کہ لوک ورثہ میوزیم اس گاڑی کی حفاظت کرے گا،قائدِ اعظم کی لیڈر شپ کا شکر کرنا چاہیئے کہ پاکستان بنا۔

انہوں نے کہا کہ اگر قائدِ اعظم کی لیڈر شپ نہ ہوتی تو تحریکِ پاکستان نہ ہوتی،آج ہندوستان میں فاشسٹ حکومت ہے، ہندوستان کی فاشسٹ حکومت اقلیتوں پر ظلم کر رہی ہے۔


وفاقی وزیرِ تعلیم نے کہا کہ ہندوستانی کشمیریوں پہ ظلم کر رہے ہیں،قائدِ اعظم نے 2 قومی نظریہ سوچ سمجھ کر پیش کیا، ہماری سرحدوں پر حالات کو خراب کیا جاتا ہے۔

انہوں نے یہ بھی کہا کہ قائدِ اعظم کی زندگی سے بہت کچھ سیکھنا ہے، حکومتِ پاکستان کی جانب سے یقین دلاتا ہوں کہ ہم قائدِ اعظم کے نقشِ قدم پر چلنے کی کوشش کر رہے ہیں، ہماری پاکستان کے ساتھ کمٹمنٹ اٹل ہے۔

تازہ ترین