اپوزیشن جماعتوں کے مطالبے کے بعد حکومت نے پاناما لیکس کے معاملے پر جوڈیشل کمیشن بنانے کے لیے چیف جسٹس کو خط لکھنے کا فیصلہ کرلیا، اس حوالے سے قائد حزب اختلاف خورشید شاہ کو بھی آگاہ کردیا گیا ہے۔
قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف خورشید شاہ نے جیو نیوز کو بتایا کہ وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے ان سے فون پر رابطہ کیا اور بتایا کہ اپوزیشن جماعتوں کے مطالبے پر حکومت نے فیصلہ کیا ہے کہ پاناما لیکس معاملے پر چیف جسٹس آف پاکستان کو عدالتی کمیشن بنانے کے لیے خط لکھا جائے گا۔
انہوں نے خورشید شاہ کو یقین دہانی کرائی کے چیف جسٹس کا جواب آنے کے بعد پاناما لیکس کی تحقیقات کے ٹی او آرز لیے اپوزیشن جماعتوں سے مشاورت کی جائے گی۔
گذشتہ روز وزیراعظم نوازشریف کی زیر صدارت مشاورتی اجلاس میں پاناما لیکس کی تحقیقات کے لیے حاضرسروس جج کی سربراہی میں عدالتی کمیشن قائم کرنے کی تجویز دی گئی تھی اور حتمی فیصلے کا اختیار وزیراعظم کو دیا گیا تھا، جس کے بعد وزیراعظم نے سینیٹراسحاق ڈارکو ہدایت کی تھی کہ وہ اپوزیشن رہنماؤں سے رابطوں کا کام جلد مکمل کریں۔