وزیراعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ جس طرح اپوزیشن نے فوج پر حملہ کیا اس طرح تاریخ میں کبھی نہیں ہوا، وہ زبان استعمال کی جارہی ہے جو بھارت کی پراپیگنڈا مشین استعمال کرتی ہے۔
یونیورسٹی آف چکوال کا سنگ بنیاد رکھنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ بھارت کی فیک سائٹس پی ڈی ایم کو بھی پروموٹ کررہی تھی۔
عمران خان نے کہا کہ اگر انتخابات میں دھاندلی ہوئی تھی تو کیا آپ کسی فورم پر گئے؟ نہ ثبوت دیے نہ کسی فورم پر گئے، فوج پر حملے شروع کردیے۔
وزیر اعظم نے کہا کہ پہلی بار پاکستان کی اپوزیشن آرمی چیف اور آئی ایس آئی چیف کو ٹارگٹ کررہی ہے۔
عمران خان نے کہا کہ آصف زرداری کو نواز شریف نے کرپشن پر جیل میں ڈالا تھا۔
وزیر اعظم نے کہا کہ اپوزیشن کا صرف ایک مطالبہ ہے کسی طرح این آر او دے دیں، خود کو جمہوریت پسند کہلانے والے کہتے ہیں منتخب حکومت گرادو۔
عمران خان نے کہا کہ کسی نے ان چوروں کو این آر او دیا تو ملک سے غداری کرے گا، یہ دونوں یہ این آر او کا جلسہ کر رہے ہیں، کوئی ان سے پوچھے آپ دونوں کی اہلییت کیا ہے؟، دونوں نے زندگی میں ایک گھنٹہ کام نہیں کیا اور ملک چلانے جارہے ہیں، ان دونوں کا تجربہ یہ ہے کہ بڑی شان و شوکت سے پلے بڑھے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ کرپٹ حکمرانی کرتے ہیں تو پورے ملک کو نقصان ہوتا ہے۔
وزیر اعظم نے کہا کہ پچھلے سال جتنا ٹیکس اکھٹا کیا اس کا آدھا قرضے واپس کرنے میں چلا گیا، سترہ سال بعد کرنٹ اکاونٹ 5 ماہ تک سرپلس میں چلا گیا۔
عمران خان نے کہا کہ نجی اسپتالوں کیلیے کم قیمت پر زمینیں فراہم کریں گے۔