• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

5 ماہ میں برآمدات، سرمایہ کاری اور نان ٹیکس آمدن میں کمی


رواں مالی سال 2020-21 کے پہلے 5 ماہ میں برآمدات، سرمایہ کاری اور نان ٹیکس آمدن میں کمی سامنے آئی ہے۔

وزارت خزانہ کے مطابق پچھلے مالی سال کے مقابلے میں رواں مالی سال کے 5 ماہ میں برآمدات میں کمی ریکارڈ کی گئی ہے، جولائی سے نومبر کے دوران پچھلے سال کے مقابلے میں برآمدات 7اعشاریہ1 فیصد گرگئیں۔

وزارت خزانہ نے5 ماہ کی ملکی معیشت سے متعلق رپورٹ جاری کردی ہے اور بتایا کہ گزشتہ برس کے ابتدائی 5 ماہ کے مقابلے میں رواں برس کے 5 ماہ میں آمدن کم رہی ہے۔


رپورٹ کے مطابق جولائی سے نومبر کے دوران ملکی برآمدات گزشتہ برس کے اسی دورانیے کے مقابلے میں 7 اعشاریہ 1 فیصد تک گراوٹ دیکھنے میں آئی ہے، پہلے 5 ماہ کے دوران 9 اعشاریہ 6 ارب ڈالرز کی برآمد رہیں۔

وزارت خزانہ کی رپورٹ کے مطابق رواں مالی سال کے دوران ملکی برآمدات میں کمی سے تجارتی خسارہ 6 اعشاریہ 9 فیصد تک بڑھ گیا ہے، جو پہلے 8 اعشاریہ 1 ارب ڈالر تھا اور اب 8 اعشاریہ 6 ارب ڈالرز تک پہنچ گیا ہے۔

رپورٹ کے مطابق گزشتہ سال کی نسبت رواں مالی سال کے ابتدئی 5 ماہ (جولائی تا نومبر) میں سرمایہ کاری میں 17 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔

وزارت خزانہ کے مطابق اس دورانیے میں 717 ملین ڈالرز کی بیرونی سرمایہ کاری آئی جبکہ گزشتہ برس ان ہی 5 ماہ کے دوران 864 ملین ڈالرز کی سرمایہ کاری ہوئی تھی۔

رپورٹ کے مطابق نان ٹیکس آمدن جولائی تا نومبر کے دوران 5 اعشاریہ 5 فیصد گر گئی ہے، اسی دورانیے میں وفاقی حکومت کے اخراجات ساڑھے 13 فیصد بڑھ گئے ہیں۔

وزارت خزانہ کے مطابق گزشتہ سال کی نسبت اخراجات 1 ہزار691 ارب سے بڑھ کر 1 ہزار 920 ارب تک پہنچ گئے ہیں۔

رپورٹ کے مطابق جولائی تا نومبر کے 5 ماہ میں مالیاتی خسارہ 33 اعشاریہ 5 فیصد بڑھ گیا ہے، جو پہلے 564 ارب تھا اب 753 ارب تک پہنچ گیا ہے۔

تازہ ترین