• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ریاست مدینہ میں احتساب حاکم وقت سے شروع ہوتا ہے، آفتاب شیر پاؤ

اپوزیشن جماعت قومی وطن پارٹی کے سربراہ آفتاب شیرپاؤ نے کہا ہے کہ ریاست مدینہ کے قانون میں احتساب حاکم وقت سے شروع ہوتا ہے۔

پشاور میں پریس کانفرنس کے دوران آفتاب شیر پاؤ نے کہا کہ اپوزیشن اتحاد (پی ڈی ایم) کا دوسرا مرحلہ پایہ تکمیل تک پہنچائیں گے، حکومت کے خلاف ہمارا ہر عمل جمہوری رہا ہے اور رہے گا۔

انہوں نے کہا کہ ملک نے آج تک اس قدر نااہل حکومت کا سامنا نہیں کیا، ڈھائی سال بعد وزیراعظم عمران خان نے تسلیم کیا کہ انہیں نہیں پتا ملک کیسے چلتا ہے۔


قومی وطن پارٹی کے سربراہ نے مزید کہا کہ ایل این جی کی غلط خریداری سے ملک کو 120 ارب روپےکا نقصان ہوا، مردم شماری کراچی میں صحیح نہیں ہوئی توسابقہ فاٹا میں بھی نہیں ہوئی۔

ان کا کہنا تھا کہ احتساب سے ڈرنے والے نہیں، مگر احتساب سب کا ہونا چاہیے، بلین ٹری، بی آر ٹی اور مالم جبہ پروجیکٹ نااہلی کی کھلی داستان ہیں۔

آفتاب شیر پاؤ نے یہ بھی کہا کہ عمران خان سالانہ 8 ہزار ارب قومی خزانے میں جمع کروانے کا دعوی کرتے تھے کہاں ہے وہ پیسا؟ ریاست مدینہ کے قانون کے مطابق احتساب حاکم وقت سےشروع ہوتا ہے۔

انہوں نے استفسار کیا کہ خیبر ٹیچنگ اسپتال (کے ٹی ایچ) میں آکسیجن کی کمی سے جو اموات ہوئیں، ان کا جواب دہ کون ہے؟

قومی وطن پارٹی کے سربراہ نے کہا کہ ہم کے ٹی ایچ معاملے پر ہونے والی دونوں انکوائریوں کو رد کرتے ہیں، اس کی تحقیقات کے لیے جوڈیشل کمیشن تشکیل دیا جائے۔

تازہ ترین