دو مرتبہ پاکستان کی وزیراعظم رہنے والی اور مسلم دنیا کی پہلی خاتون سربراہ حکومت بے نظیر بھٹو کی 13ویں برسی ٹوئٹر پر ٹاپ ٹرینڈ بن گئی۔
محترمہ بےنظیر بھٹو 27 دسمبر 2007 میں راولپنڈی کے لیاقت باغ میں قاتلانہ حملے میں شہید ہو گئیں تھیں۔
آج شہید محترمہ بےنظیر بھٹو کی 13ویں برسی بڑے ہی عقیدت و احترام سے منائی جارہی ہے اور گزشتہ رات 12بجے سے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر کچھ ہیش ٹیگز ٹاپ ٹرینڈ بنے ہوئے ہیں۔
ان ہیش ٹیگز میں سرِ فہرست ’بینظیر جیسی تو بس بینظیر ہی تھی‘، دوسرے نمبر پر 27DecBlackDay اور تیسرے نمبر پر BenazirBhutto ہے۔
اگر اِن ہیش ٹیگز کے تحت کی گئی ٹویٹس کا جائزہ لیا جائے تو معلوم ہوتا ہے کہ زیادہ تر صارفین شہید محترمہ بےنظیر بھٹو کی تاریخی تقاریر کی مختصر ویڈیوز شیئر کررہے ہیں۔
دوسری جانب کچھ صارفین سابق وزیراعظم کی یادگار تصویریں بھی شیئر کرتے دکھائی دے رہے ہیں۔
صارفین کا کہنا ہے کہ شہید محترمہ بے نظیر بھٹو اپنے نام کی طرح بہادر تھیں، وہ آج اس دُنیا میں تو نہیں ہیں لیکن ہمیشہ ہمارے دلوں میں زندہ رہیں گی۔
خیال رہے کہ بے نظیر بھٹو 21 جون 1953میں پیدا ہوئیں اور محترمہ بے نظیر ذوالفقار علی بھٹو بیگم نصرت بھٹو کی سب سے بڑی بیٹی تھیں۔
جلا وطنی کے بعد 2007 میں بے نظیر بھٹو کراچی واپس آئیں جہاں ان کے قافلے پر حملہ کیا گیا جس کے نتیجے میں درجنوں افراد ہلاک ہو گئے تاہم حملے میں بے نظیر بھٹو محفوظ رہیں لیکن 27 دسمبر 2007 میں راولپنڈی کے لیاقت باغ میں قاتلانہ حملے میں شہید ہو گئیں تھی۔