پاکستان مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز کا کہنا ہے کہ سابق وزیراعظم محترمہ بینظیر بھٹو کی شہادت پر میری والدہ سمیت سب رو رہے تھے۔
گڑھی خدا بخش میں خطاب کے دوران مریم نواز جذباتی ہوگئیں۔
مریم نواز نے کہا کہ بی بی شہید کی موت کا زخم صرف آپ کے دلوں پر نہیں، ہم پر بھی لگا، بےنظیر بھٹو کی موت پاکستان کا قومی سانحہ ہے۔
انہوں نے کہا کہ بھٹو شہید اور بےنظیر شہید کو خراجِ تحسین پیش کرتی ہوں، بھٹو اور بینظیر کے قاتلوں کا آج کوئی نام لیوا نہیں ہے۔
مریم نواز نے کہا کہ بھٹو اور بی بی کے چاہنے والے ہزاروں لاکھوں ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ٹی وی پر محترمہ کے جان لیوا حملے کی خبر آئی تھی، خبر سنتے ہی نواز شریف سب سے پہلے اسپتال پہنچے، نواز شریف ان چند لوگوں میں سے تھے جنہیں ڈاکٹروں نے بی بی کی شہادت کی خبردی۔
مریم نواز نے کہا کہ میں نے تو کچھ سال اپنی والدہ کیساتھ گزارے، لیکن بلاول نے بچپن میں ماں کو کھودیا، میری بینظیر سے نسبت باپ اور بیٹی سے لازوال محبت والی ہے۔
رہنما مسلم لیگ ن نے کہا کہ مجھے اپنے باپ کے نظریہ سے محبت ہے، ملک سے محبت ہے۔