پاکستان مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز کا کہنا ہے کہ ایک آدمی جو بائیس سال دربدر کی خاک چھانتا رہا لیکن عوام نے اسے گھاس نہيں ڈالی ، اسی نالائق کو اٹھاکر عوام کے سر پرمسلط کردیا گیا۔آج وہ بڑی ڈھٹائی سے ٹی وی پر آکر کہتاہے کہ اسے کام کرنا نہیں آتا ،وہ خود اعتراف کررہا ہےکہ نااہل بھی ہے ، نالائق بھی ہے۔
گڑھی خدابخش میں بے نظیر بھٹو کی برسی کے موقع پر ہونے والے جلسے سے خطاب کرتے ہوئے مریم نواز نے وزیر اعظم عمران خان پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ تمہیں یہ کہنا چاہیے کہ تیاری کے بغیر حکومتوں میں نہیں لایا جانا چاہیے۔
مریم نواز نے کہا کہ اس نالائقی کی وجہ سے مہنگائی ہورہی ہے، خودکشیاں ہورہی ہیں ، وہ کہتا ہے کہ میں کیا کروں۔
انہوں نے کہا کہ یہ شخص پی ڈی ایم سے این آر او کی بھیک مانگتا ہوا نظر آرہا ہے ، یہ اکیلا کھڑا ہے ، یہ ناکام ہے ہارا ہوا ہے ، اس لیے اب کسی کو کوئی پیغام بھیجتاہے، کبھی کوئی پیغام رساں بھیجتاہے۔
مریم نواز نے کہا کہ شہباز شریف سے ملنے کے لیے خاندان والوں کو ہفتہ ہفتہ درخواست دینی پڑتی ہے ، ان کا پیغام رساں آئے تو جیل کے دروازے کھول دیئے جاتے ہیں۔
رہنما مسلم لیگ ن نے کہا کہ اپوزیشن مہنگائی کی بات کرتی ہے تو کہتے ہو کہ اپوزيشن فوج کو بدنام کررہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ جب یہ وزیراعظم بن کر امریکا گیا اپنی فوج پر حملے شروع کردیئے ایک پیج ، ایک پیج کی رٹ لگا کر جتنا تم نے فوج کو بدنام کیا شاید ہی پاکستان کی تاریخ میں کسی نے کیا ہو۔
مریم نواز نے کہا کہ یہ ملک اب اسطرح نہيں چلے گا ، نظریئے کو پھانسی نہيں لگ سکتی ، نظریئے کو جلاوطنی نہيں ہوسکتی۔
نائب صدر ن لیگ نے کہا کہ میں بلاول اور تمام سیاسی قیادت چارٹر آف ڈیموکریسی کو نہ صرف لے کر چلیں گے بلکہ آگے بھی بڑھائيں گے۔