کراچی(ٹی وی رپورٹ)وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات سینیٹر شبلی فرازنے کہا ہے کہ مریم نواز کا بینظیر بھٹو کے مزار پر جانا منافقت کا بہت بڑا عکس تھا، مریم نواز جتنی دفعہ مزار پر پھول چڑھالیں پیپلز پارٹی استعفے نہیں دے گی،پیپلز پارٹی کے رہنما مصطفی نواز کھوکھرنے کہا کہ مریم نواز نے شہید بی بی کے مزار پر جاکر اچھی سیاسی روایت ڈالی، ن لیگ کے رہنما رانا ثناء اللہ نے کہا کہ پیپلز پارٹی ہماری مخالف جماعت لیکن پی ٹی آئی ہماری دشمن جماعت ہے۔ وہ جیونیوز کے پروگرام ”کیپٹل ٹاک“ میں میزبان حامد میر سے گفتگو کررہے تھے۔ پیپلز پارٹی کے رہنمامصطفی نواز کھوکھرنے کہا کہ مریم نواز نے شہید بی بی کے مزار پر جاکر اچھی سیاسی روایت ڈالی ،اگر پریشر نہ ہو تو ان کے اتحادی ان کے ساتھ کھڑے نہ ہوں، ہمارا مطالبہ ہے اسٹیبلشمنٹ غیرجانبدار ہو اور ہماری اکثریت کو اقلیت میں نہ بدلے، ڈاکٹر ہمایوں سے شناسائی کی وجہ یہ بھی ہے کہ انہوں نے عمران خان کے بال لگائے تھے۔ رانا ثناء اللہ نے کہا کہ پیپلز پارٹی ہماری مخالف جماعت لیکن پی ٹی آئی ہماری دشمن جماعت ہے، انہوں نے نیب کے چیئرمین کو یرغمال بنایا ہوا ہے، اسٹیبلشمنٹ غیرجانبدار نہیں ہوئی تو عوامی دباؤ بڑھائیں گے۔وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات سینیٹر شبلی فراز نے مزید کہا کہ بینظیر بھٹو شہید کی برسی کے دن کو استعمال کر کے پی ڈی ایم جلسے میں تبدیل کیا گیا، مفاد کیلئے سیاست کو داؤ پر لگانا پیپلز پارٹی کیلئے زیادہ نقصان دہ ہوگا، ن لیگ اور پی پی قیادت پر زیادہ تر کیسز دونوں نے ایک دوسرے پر بنائے۔شبلی فراز کا کہنا تھا کہ یہ لوگ مجھ پر کرپشن کا الزام نہیں لگاسکتے اس لئے والد صاحب پر آجاتے ہیں، میرے والد کے ساتھ انہوں نے کیا کیا میں نہیں بھولتا ہوں، اپوزیشن سے کوئی ذاتی دشمنی نہیں ان سے لوٹی ہوئی دولت نکالنا چاہتے ہیں، ملک اور اداروں کو تباہ کرنے میں زیادہ کردار پیپلز پارٹی کا ہے، پیپلز پارٹی نے پی آئی اے، اسٹیل مل، اسٹیٹ لائف جیسے اداروں کو بٹھادیا، پیپلز پارٹی نے اپنے مقاصد کے حصول کیلئے بینظیر کے سیاسی نظریے کو دفن کردیا۔ شبلی فراز کا کہنا تھا کہ یہ گرگٹ کی طرح رنگ بلدتے رہتے ہیں، ان کی تقاریر دیکھ لیں ان کا ہدف صرف عمران خان اور ادارے ہیں،یہ منتخب حکومت کو کس طرح سے گرائیں گے، انہوں نے 2018ء کے انتخابات میں دھاندلی کے ثبوت نہیں دیئے، دو سال این آر او کیلئے انتظار کرتے رہے، یہ سیاسی مقاصد اور این آر او کیلئے کسی سے بھی ہاتھ ملاسکتے ہیں۔ شبلی فراز نے کہا کہ سندھ میں پیپلز پارٹی کی حکومت ہے وہاں غربت، بیروزگاری اور بدامنی ہے، کسی کو حکومتی تعیناتیوں پر اعتراض ہے تو عدالت چلا جائے، نعیم بخاری کی چیئرمین سرکاری ٹی وی تعیناتی سوفیصد قانونی ہے۔