• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ماؤنٹ منگنوئی ٹیسٹ میں میزبان ٹیم نیوزی لینڈ نے پاکستان کو101رنز سے شکست دیدی ہے۔

ٹیسٹ کے پانچویں اور آخری روز پاکستانی بیٹسمینوں نے نیوزی لینڈ کے بولرز کے خلاف سخت مزاحمت کی، تاہم فواد عالم،  محمد رضوان کے آؤٹ ہوجانے کے بعد پاکستان کو میچ بچانا مشکل ہوگیا۔

فواد عالم نے 11 سال 5 ماہ بعد ٹیسٹ کرکٹ میں اپنی دوسری سینچری اسکور کی ہے، انہوں نے 2009ء جولائی میں ڈیبیو ٹیسٹ میں سنچری بنائی تھی۔

میچ کے پانچویں دن جب پاکستان نے 3 وکٹ پر 71رنز سے کھیل شروع کیا تو اظہر علی 4 رنز کا اضافہ کرکے آؤٹ ہوگئے جس کےبعد نیوزی لینڈ کے بولرز کیلئے وکٹ کا حصول ناممکن ہوگیا۔

فواد عالم اور محمد رضوان نے عمدگی اور محتاط انداز سے بیٹنگ جاری رکھی، کھانے کے وقفے پر پاکستان کا اسکور 4 وکٹ پر 137 رنز تھا، اس سیشن میں دونوں نے پانچویں وکٹ کیلئے 62رنز کی شراکت قائم کی ۔

کھانے کے وقفے کے بعد فواد عالم اور محمد رضوان کی مزاحمت جاری رہی، فواد عالم نے نصف سنچری مکمل کی جبکہ دونوں بیٹسمینوں نے پانچویں وکٹ کیلئے سنچری شراکت بھی قائم کی۔

دوسرے سیشن میں فواد عالم اور رضوان نے 78رنز کا اضافہ کیا، چائے کے وقفے پر پاکستان کا اسکور 4 وکٹ پر 215رنز تھا، فواد عالم 13چوکوں کی مدد سے 94 اور محمد رضوان 45رنز پر ناٹ آؤٹ تھے، پاکستان کو جیت کیلئے مزید158رنز کی ضرورت ہے۔

چائے کے وقفے دن کے آخری سیشن کا کھیل شروع ہوا تو فواد عالم نے 14 چوکوں کی مدد سے اپنی سینچری مکمل کی وہ 102 رنز بنا کر آوٹ ہوئے، جبکہ رضوان نے 6 چوکوں کی مدد سے 60 رنز کی اننگ کھیلی۔

فواد اور رضوان کے یکے بعد دیگرے آؤٹ ہوجانے کے بعد یاسر شاہ بھی بغیر کوئی رن بنائے پویلین روانہ ہوگئے جس کے بعد قومی ٹیم ایک بار پھر سے مشکلات کا شکار ہوگئی ہے۔

فہیم اشرف بھی 19 رنز بنا کر پویلین چلتے بنے، محمد عباس آؤٹ ہونے والے نویں کھلاڑی تھے وہ ایک رن بنا سکے۔

پاکستان کی 271 کے اسکور پر گرنے والی آخری وکٹ نسیم شاہ کی تھی وہ ایک رنز بنا کر پویلین روانہ ہوئے۔

یوں نیوزی لینڈ نے پاکستان کے خلاف ماؤنٹ منگنوئی ٹیسٹ101  رنز سے جیت کر سیریز میں ایک صفر کی برتری حاصل کرلی۔

تازہ ترین