وزیراعظم کے معاون خصوصی شہبازگل کا مسلم لیگ ن کے رہنما خواجہ آصف کی گرفتاری سے متعلق کہنا ہے کہ خواجہ آصف معصومیت کا ڈھونگ رچا رہے ہیں۔
پاکستان تحریک انصاف کے رہنما شہباز گل نے خواجہ آصف کیس پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ 2013ء میں خواجہ آصف کے ڈکلیئرڈ اثاثہ جات 12 ملین روپے تھے، 5 سال میں اثاثے بڑھ کر120 ملین روپے تک کیسے پہنچے؟ رسیدیں دینی ہوں گی، خواجہ آصف نے 5 سال میں 110 ملین روپے کی جائدادیں خریدیں۔
شہبازگل نے کہا ہے کہ ن لیگ دورحکومت میں خواجہ آصف اور ان کی اہلیہ کے اثاثوں میں 10 گنا اضافہ ہوا، کرپشن، منی لانڈرنگ، غیرقانونی اثاثے بنانے کے علاوہ آل شریف، درباریوں نےکچھ نہیں کیا۔
انہوں نے مزید کہا کہ خواجہ آصف نے غریب ملازمین کے نام جعلی اکاؤنٹس سے اربوں روپے منی لانڈرنگ کی، ذاتی ملازم طارق میر کے نام جعلی کمپنی بنا کر کالا دھن سفید کیا گیا۔
شہبازگل کا کہنا تھا کہ خواجہ آصف وزیرخارجہ، دفاع جیسےحساس عہدوں پر رہتے ہوئے اقامے پر نوکر بھی تھے، وفاقی وزیر ہو کر اقامہ ملازمت پر شرمندگی کے بجائےمالی جرائم کاجواز بنایا جا رہا ہے۔ٍ