لاہور فیصل آباد( نمائندہ خصوصی،نمائندہ جنگ) امیرجماعت اسلامی سینیٹرسراج الحق نے کہا ہے کہ سال 2020ءپاکستان کے عوام کے لئے بہت بھاری ثابت ہوا۔ ملک کی باگ دوڑ مافیاز کے ہاتھ میں رہی جنہوں نے چینی ، آٹا، پیڑول غائب کرکے اربوں کما ئے اور ملک کو لوٹا۔35لاکھ سے زائدافرادبیروزگار ہوئے۔نوازشریف کا پاسپورٹ ضبط کرناغیراخلاقی، حکومت نےمیگا یوٹرن میں ریکارڈ قائم کئے،پور۱سال اسمبلیوں میں قانون سازی کی بجائے گالم گلوچ ہوتا رہا۔ ایک طرف کورونا دوسری طرف حکمرانوں کی نااہلی نے لوگوں کی زندگی اجیرن بنائے رکھی۔ انہوں نے کہا کہ نوازشریف کا پاسپورٹ ضبط کرناغیراخلاقی ہے،پی ٹی آئی جو کچھ اپوزیشن کے ساتھ کر رہی ہے وہی کل ان کے ساتھ ہوگا۔ پی ٹی آئی اور پی ڈی ایم میں کوئی فرق نہیں دونوںامریکی غلامی پر راضی ہیں۔ قوم نے تینوں بڑی جماعتوں کے ادوار دیکھ لیے۔یہ پارٹیاں جاگیرداروں اور سرمایہ داروں کے کلبز ہیں۔ دعاگو ہوںکہ2021ءقومی اتحاد و اتفاق کا سال ہو۔ ان خیالات کااظہارانھوں نے فیصل آباد میں صوبائی امیر وسطی پنجاب جاویدقصوری اور ضلعی امیرمحبوب الزماں بٹ کےساتھ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا۔