اسلام آباد(نامہ نگارخصوصی)برطانیہ اور امریکہ سمیت یورپ بھر میں امریکی کمپنی فائزر و جرمن کمپنی بائیو این ٹیک کی مشترکہ ویکسین کے استعمال کے آغاز کےبعد عالمی ادارہ صحت نے بھی مذکورہ ویکسین کے ہنگامی استعمال کی منظوری دے دی، جس کے بعد خیال کیا جا رہا ہے کہ اب بیک وقت بہت سارے ممالک اسے استعمال کرنے کی منظوری دینگے،عالمی ادارہ صحت کی جانب سے 31 دسمبر 2020کو جاری کیے گئے بیان میں تصدیق کی گئی کہ صحت سے متعلق عالمی ادارے نے فائزر و بائیو این ٹیک کی ویکسین کے استعمال کی منظوری دے دی ہے ،بیان میں بتایا گیا کہ عالمی ادارہ صحت کی رکن ممالک کے ارکان پر مشتمل باڈی اسٹریٹجک ایڈوائزری گروپ آف ایکسپرٹس آف امیونائزیشن کی منظوری کے بعد ویکسین کے استعمال کی منظوری دی گئی، مذکورہ باڈی ویکسین سے متعلق رکن ممالک کے لیے مجموعی ہدایت نامہ آئندہ چند روز میں جاری کرے گی، جس میں ویکسین کے استعمال سے متعلق تجاویز دی جائیں گی،عالمی ادارہ صحت نے رکن ممالک کو دعوت دی کہ وہ بھی ویکسین کی منظوری اور اس کے استعمال سے متعلق ہدایات جاری کرنے کے عمل میں عالمی ادارے کا ساتھ دیں۔عالمی ادارے نے ویکسین کی منظوری کو کورونا کی وبا کے خلاف اہم سنگ میل قرار دیتے ہوئے کہا کہ اب کئی ممالک مذکورہ ویکسین کے استعمال کی منظوری دیں گے۔