وزیرِ خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی کہتے ہیں کہ پاکستان ڈیمو کریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کے کہنے پر یا ان کے دباؤ پر مستعفی نہیں ہوں گے۔
ملتان میں میڈیا سے گفتگو کے دوران وزیرِ خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے حکومت مخالف اتحاد پی ڈی ایم کی پریس کانفرنس پر اپنے ردِ عمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پی ڈی ایم 31 جنوری کا انتظار کیوں کر رہی ہے؟
انہوں نے کہا کہ ہمارے پاس عوام کا مینڈیٹ ہے، وزیرِ اعظم عمران خان کو ایوان کا اعتماد حاصل ہے، عمران خان پی ڈی ایم کے کہنے پر کیوں مستعفی ہوں گے؟
شاہ محمود قریشی کا مزید کہنا ہے کہ پی ڈی ایم کی ساڑھے 5 گھنٹے کی طویل نشست بے نتیجہ رہی، پوری قوم پی ڈی ایم کی حقیقت جان چکی ہے۔
وزیرِ خارجہ نے یہ بھی کہا ہے کہ پاکستان ڈیمو کریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کے احتجاج سے ہمیں کوئی ٹینشن نہیں، جو خود محتاج ہو وہ احتجاج کیا کرے گا؟