لاہور،گوجرانوالہ(کرائم رپورٹر سے،نمائندہ جنگ) سرور روڈ فوٹریس اسٹیڈیم اور گوجرانوالہ میں دوتیز رفتار کاریں بے قابو ہو کر موٹر سائیکلوں سے ٹکرا گئیں جس کے نتیجے میں دو بھائیوں سمیت 4افراد جاں بحق ہو گئے۔ تفصیلات کے مطابق سرور روڈ فوٹرس سٹیڈیم کے قریب کار بے قابو ہو کر مخالف سڑک پر موٹر سائیکل پر سوار 3نوجوانوں پر چڑھ گئی ،جس سے2نوجوان موقعہ پر جاں بحق ہو گئے جبکہ تیسرا شدید زخمی حالت میں ہسپتال منتقل کردیا گیا۔بتایا گیا ہے کہ سرور روڈ کے علاقہ فوٹر اسٹیڈیم کے قریب مال روڈ کی جانب سے آنے والی تیز رفتار کار فوٹریس کی جانب جارہی تھی کہ تیز رفتاری کے باعث اچانک بے قابو ہو کر فٹ پاتھ سے ٹکرا کر مخالف سڑک پر موٹر سائیکل پر جاتے ہوئے 3 افراد پر چڑھ گئی اور تینوں کو شدید زخمی کردیا جہاں موقعہ پر موجود افراد نے ریسکیو 1122 کو اطلاع دی جہاں طبی امداد ملنے سے قبل ہی دو افراد عبداللہ اور اس کا ساتھی شہزاد موقعہ پر دم توڑ گئے جبکہ ان کا تیسرا ساتھی شدید زخمی ہو گیا جسے طبی امداد کیلئے ہسپتال منتقل کردیا گیا۔پولیس نے کار سوار کو حراست میں لے کر کارروائی شروع کردی ہے۔ جبکہ گوجرانوالہ میں سیالکوٹ روڈ بڑا قبرستان کے رہائشی دو محنت کش بھائی موٹر سائیکل پر ضروری کام کے سلسلہ میں جارہے تھے کہ اچانک مخالف سمت سے آنیوالی تیز رفتار کار کی ٹکر لگنے سے دونوں شدید زخمی ہو گئے جنہیں ہسپتال لایا گیا جہاں وہ دونوں دم توڑ گئے۔