• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پاکستان 297 پر آل آؤٹ، اظہر نروس نائنٹیز کا شکار


کرائسٹ چرچ ٹیسٹ کے پہلے روز پاکستان کی پوری ٹیم 83 ویں اوور میں 297 رنز پر آؤٹ ہوگئی، اظہر علی نروس نائنٹیز کا شکار ہوئے وہ 93 رنز کی شاندار اننگز کھیل کر آؤٹ ہوئے، کیویز پہلی اننگ میں بیٹنگ کا آغاز دوسرے روز کریں گے۔

ٹیسٹ کے پہلے روز پاکستان کو پہلے بیٹنگ ملی، شان مسعود تو صفر پر ہی پویلین لوٹ گئے۔

دوسری وکٹ پر عابد علی اور اظہر علی نے 62رنز کی شراکت قائم کی، عابد علی 25 رنز بنا کر واپس گئے، حارث سہیل ایک اور پہلے ٹیسٹ کے سنچری میکر فواد عالم صرف دو رنز بناسکے۔

دوسرے اینڈ سے اظہر علی نے ذمے دارانہ بیٹنگ جاری رکھی اور کیریئر کی 32 نصف سنچری بنانے میں کامیاب رہے، کھانے کے وقفے پر پاکستان کا اسکور 4 وکٹ پر 88 رنز تھا۔

کھانے کے وقفے کے دوران بارش کے سبب کھیل تاخیر سے شروع ہوا لیکن کچھ دیر بعد روک دیا گیا جو 40 منٹ رُکا رہا، دوبارہ میچ شروع ہونے پر اظہر علی اور محمد رضوان نے اننگز آگے بڑھائی، پانچویں وکٹ پر دونوں کے درمیان 88 رنز کی شراکت ہوئی۔

کپتان محمد رضوان نے اپنی نصف سنچری اسکور کی، وہ 61 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔

چائے کے وقفے پر پاکستان کا اسکور 5 وکٹ پر 218 رنز تھا، اظہر علی 90 اور فہیم اشرف 26 رنز پر ناقابلِ شکست تھے، کائل جیمی سن 4 کھلاڑیوں کو آؤٹ کرنے میں کامیاب ہوئے۔

دن کے آخری سیشن میں اظہر علی نروس نائنٹیز کا شکار ہوئے، وہ 93 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے، پاکستان کی ساتویں وکٹ فہیم اشرف کی تھی وہ 48 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔

پاکستان کے آٹھویں آؤٹ ہونے والے کھلاڑی ظفر گوہر 34 رنز بنا سکے، نویں وکٹ شاہین شاہ کی تھی انہوں نے 4  رنز اسکور کیئے۔

مہمان ٹیم کے آخری آؤٹ ہونے والے کھلاڑی نسیم شاہ تھے، وہ 12 رنز بنا سکے جبکہ محمد عباس بغیر کوئی رن بنائے ناٹ آؤٹ رہے۔

یوں پاکستان کی پوری ٹیم 83 اعشاریہ 5 اوور میں 297 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی۔

نیوزی لینڈ کی جانب سے کائل جیمیسن نے 5 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی، ٹرنٹ بولٹ اور ٹم ساؤتھی کے حصے میں دو دو وکٹیں آئیں جبکہ ہینری نے ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔

تازہ ترین