پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کے سربراہ مولانا فضل الرحمٰن نے کہا ہے کہ یہ ملک عوام کا ہے اور یہاں عوام کا راج ہوگا، اس وقت تک لڑیں گے جب تک اس حکومت کو سمندر میں غرق نہ کردیں، جب تک حکومت ختم نہیں ہوجاتی آئین و قانون کے تحت لڑیں گے۔
بہاولپور میں پی ڈی ایم کی ریلی سے خطاب کرتے ہوئے مولانا فضل الرحمٰن نے کہا کہ پی ڈی ایم کی تمام پارٹیوں کا ایک ہی مؤقف ہے کہ اس دھاندلی زدہ حکومت کو جانا ہوگا۔
مولانا فضل الرحمٰن نے کہا کہ کبھی ہم کارڈ دکھائیں گے، کبھی چھپائیں گے، تم جلتے رہو گے۔
سربراہ پی ڈی ایم نے کہا کہ پی ڈی ایم میں سیاسی بالغ لوگ ہیں، تم بیساکھی پر چلنے والے ہو، تمہیں چلنا بھی نہیں آیا۔
انہوں نے کہا کہ ان لوگوں نے تبدیلی کو مذاق بنا دیا ہے، حکومت کرنی نہیں آتی، جب حکومت چلانی نہیں آتی تو کہاں سے آگئے۔
پی ڈی ایم سربراہ مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ پی ڈی ایم کی عظیم الشان ریلی میں ہرطرف سےلوگوں نےشرکت کی، ریلی کے شرکاء نے حکومت پر عدم اعتماد کا اظہار کیا،پی ڈی ایم آزاد جمہوری ہواؤں کی جدوجہد کررہی ہے،اس عظیم مقصد کیلئے یہ قومی تحریک ہے، پی ڈی ایم کی تحریک جمہوری تحریک ہے۔
مولانافضل الرحمان نے کہا کہ پی ڈی ایم کےاجلاس کےوقت یہ اتحاد ٹوٹنےکاانتظار کررہےتھے۔
انہوں نے کہا کہ ووٹ چوری کرکے حکومت نہیں چلا کرتی،عوام کے نمایندے وہی ہیں جو پی ڈی ایم پلیٹ فارم پر جمع ہیں،جب لوگ سوچ رہےتھےمیں نےجلسہ میں آپ کےصوبے کی حمایت کی تھی۔
سر براہ پی ڈی ایم نے کہا کہ فارن فنڈنگ کیس کو الیکشن کمیشن مسلسل ملتوی کررہا ہے، یہ دنیا بھر سے آئے فنڈ کی خوردبرد کا کیس ہے، فارن فنڈنگ میں سب سے زیادہ پیسا اسرائیل سے آیا ہے۔
فضل الرحمان نے کہا کہ ملک میں سی پیک کا وہی حال ہےجو پشاور میں بی آر ٹی کا ہے۔
انہوں نے کہا کہ 21جنوری کوکراچی میں اسرائیل نامنظور ریلی نکالی جائےگی۔