• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ہم رہیں نہ رہیں جنوبی پنجاب منصوبہ مکمل ہو گا، شاہ محمود

ملتان(نمائندہ جنگ‘آئی این پی) وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ ہم رہیں نہ رہیں جنوبی پنجاب منصوبہ مکمل ہو گا،وزیراعظم جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ کا سنگ بنیاد رکھنے جلد ملتان آئینگے،وزیراعظم عمران خان کی قیادت میں جنوبی پنجاب صوبے کی بنیاد رکھ دی ہے، جنوبی پنجاب صوبے کا خواب شرمندہ تعبیر ہوگا، یہاں کے عوام کا مستقبل روشن ہے۔ ملتان جنوبی پنجاب کا اہم شہر ہے اور یہاں پر جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ بنے گا، جلد ہی وزیراعظم ملتان میں جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ کا سنگ بنیاد رکھنے آرہے ہیں۔ ملتان کا سیوریج نظام ناقص اور پینے کو صاف پانی میسر نہیں۔ وزیراعظم پاکستان سے گزارش کرونگا اس ضلع نے پی ٹی آئی کی جھولی میں 6 ایم این اے کی سیٹیں ڈالی ہیں، عوامی مینڈیٹ کا احترام کرتے ہوئے ملتان کے لئے ایک بہت بڑے ترقیاتی پیکیج کی منظوری دی جائے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز نیو ملتان میں مدنی چوک تا الفلاح مارکیٹ فلائی اوور کے میگا منصوبے کے سنگ بنیاد کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا بھارت پاکستان میں افراتفری اور انتشار پھیلا کر عدم استحکام کا شکار کرنا چاہتا ہے۔ پاکستان کو معاشی طور پر کمزور کرنے کی سازش ہو رہی ہے۔ ہم نے ڈوزیئر کے ذریعے بھارت کے ناپاک عزائم کی دنیا بھر میں تشہیر کی اور ہندوستان کے منصوبوں کو بے نقاب کیا۔ کچھ قوتیں پاکستان کو داخلی و خارجی محاذ پر نقصان پہنچاناچاہتی ہیں۔ وزیراعظم پاکستان ملکی معیشت کی مضبوطی کیلئے ٹھوس پالیسیاں بنا رہے ہیں جن کے مثبت نتائج برآمد ہونگے۔ ملکی معیشت کا پہیہ چل پڑا ہے جو اب کبھی نہیں رک سکتا۔ دو سال پہلے ملتان اور فیصل آباد کی پاور لوم انڈسٹری زبوں حالی کا شکار تھی اور پاور لوم فیکٹریاں کباڑ میں فروخت ہو رہی تھیں۔ وزیراعظم نے پاور لوم انڈسٹری کی بحالی کیلئے خصوصی پیکیج کا اعلان کیا جس کی بدولت پاور لوم کے کاروبار سے وابستہ دو لاکھ خاندان مستفید ہونگے۔

تازہ ترین