• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ہمیں کشمیریوں کے کرب کا احساس ہے، شاہ محمود


وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ ہمیں کشمیریوں کے کرب کا احساس ہے، مسئلہ کشمیر پر پوری قوم کا موقف ایک ہی ہے، سیاسی قیادت کو کشمیر کے مسئلے پر ہاتھ ملانے کی دعوت دیتے ہیں۔

سینیٹ آف پاکستان میں اظہار خیال کرتے ہوئے شاہ محمود قریشی نے کہا کہ آج کشمیریوں کو متفقہ پیغام جانا چاہیے، ہمیں احساس ہے کشمیری کرب کی زندگی گزار رہے ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ بنیادی حقوق سلب ہونے کے باوجود ان کی آواز بلند کرنے کی کوشش جاری ہے، بھارت نے جو ظلم برپا کیا اس کے باوجود کشمیریوں کے حوصلے نہیں ٹوٹے۔

وزیر خارجہ نے کہا کہ کشمیر آج دہلی سے جتنا نالاں ہے 72سال میں نہیں تھا، مخلوط حکومتوں میں شامل رہنے والے آج دہلی سرکاری سے کنارہ کش ہیں۔


ان کا کہنا تھا کہ کشمیریوں کو پیغام جانا چاہیے حق خودارادیت کی تحریک میں ہم حصہ دار ہیں، پاکستان کا ہر شہری کشمیریوں کی وکالت کررہا ہے اور کرتا رہے گا۔

شاہ محمود قریشی نے یہ بھی کہا کہ اپوزیشن کے کچھ ارکان اپنے جذبات سے کشمیریوں کے اندر مایوسی پھیلاتے ہیں، سیاسی مقاصد حاصل کرنے کےلیے سیاسی دکان چمکاتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ اتفاق رائے قائم رکھنے کے لیے سب قائدین سے گزارش کی، اپوزیشن رہنماؤں کو اپنی رہنمائی کے لیے دعوت دی، سراج الحق، مشاہد حسین، شیری رحمٰن اور نوید قمر کو کہا آئیں بیٹھ کر بات کریں۔

ذوالفقار علی بھٹو نے فرمایا کشمیر کی اتنی اہمیت ہے ایک ہزار سال جنگ لڑنی پڑے لڑیں گے، کاش بھٹو کے جانشین اس طرح آنکھ نہ چراتے۔

وزیر خارجہ نے کہا کہ ہم نے کہا سیاسی مصلحتوں سے آزاد ہوکر کشمیر کےلیے گنجائش پیدا کریں، کشمیر کا مسئلہ اجاگر کرنے کے لیے مولانا فضل الرحمان جتنا طویل موقع کسی پارلیمنٹریں کو نہیں ملا۔

ان کا کہنا تھا کہ کیا 72سالوں میں ن لیگ اور پیپلز پارٹی کو موقع نہیں ملا؟ ہمارے سیاسی نقشے کا مذاق اڑایا گیا لیکن کسی نے اس کی افادیت کو نہیں دیکھا، آج پاکستان کے کشمیر پر موقف کو ایک نقشے میں پرو دیا گیا ہے۔

شاہ محمود قریشی نے کہا کہ آسیہ اندرابی کی قید پر ہم نے اقوام متحدہ، نیویارک اور جنیوا میں آواز بلند کی، ہم نے حریت رہنما علی گیلانی کو پاکستان کا سب سے بڑا اعزاز دیا۔

انہوں نے کہاکہ نو منتخب امریکی صدر جو بائیڈن مسئلہ کشمیر سے واقف ہیں، امید ہے جو بائیڈن اقتدار سنبھال کر مسئلہ کشمیر پر موثر آواز اٹھائیں گے۔

وزیر خارجہ نے کہا کہ امریکی انتظامیہ اور یورپی یونین کے آواز اٹھانے سے مقبوضہ کشمیر کے نہتے لوگوں کی امید جاگے گی۔

تازہ ترین